ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا
جمعرات 4 نومبر 2021 14:27
میچ کے پہلے اوور کی تیسری گیند پر ہی مچل سٹارک نے لٹن داس کو صفر پر بولڈ کر دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کا 74 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 6.2 اوورز میں پورا کر لیا۔
آسٹریلوی کپتان اردون فنچ نے 20 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مچل مارش نے 5 گیندوں پر 16 اور ڈیوڈ وارنر نے 14 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔
جمعرات کو ٹاس جیت کر آسڑیلیا نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو بالکل ٹھیک ثابت ہوا اور بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 15 اوورز میں 73 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے لیگ سپنر ایڈم زامپا نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو میچ کے پہلے اوور کی تیسری گیند پر ہی مچل سٹارک نے لٹن داس کو صفر پر بولڈ کر دیا۔
دوسری آوٹ ہونے والے کھلاڑی سومیا سرکار تھے جو چھ رنز بنا کر ہیزل وڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے، وہ ایک رن بنا کر میکس ویل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
بنگلہ دیش کو چوتھا نقصان محمد نعیم کی وکٹ کا اٹھانا پڑا، وہ 17 رنز بنا کر ہیزل وڈ کا شکار بنے۔
اس سے اگلے اوور میں عفیف حسین بھی صفر پر ایڈم زامپا کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔ جس کے بعد شمیم حسین اور محمود اللہ نے ٹیم کے سکور کو تھوڑا ہی آگے بڑھایا کہ شمیم کو زامپا نے 19 سکور پر پویلین بھیج دیا۔
اس سے اگلی ہی گیند پر زامپا نے مہدی حسن کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
پھر محمود اللہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر رک نہ سکے اور مچل سٹارک کی گیند پر 16 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے۔
آخری دو وکٹیں بھی ایڈم زامپا کے حصے میں ہی آئیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے اس ٹورنامنٹ میں کوئی بھی میچ نہیں جیتا جبکہ آسٹریلیا کی اپنے گروپ میں تیسری پوزیشن ہے۔