آصف علی کا ایک اور اعزاز، آئی سی سی ’پلیئر آف دا منتھ‘ بن گئے
آصف علی کو آئی سی سی کی ویب سائٹ پر سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ (تصویر: اے ایف پی)
پاکستان کے آصف علی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اکتوبر کے مہینے میں ’پلیئر آف دا منتھ‘ قرار پائے ہیں۔
پچھلے ہفتے (آئی سی سی) نے اپنی ویب سائٹ پر نمیبیا کے ڈیوڈ ویزا، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور آصف علی کو ’پلیئر آف دا منتھ‘ کے لیے نامزد کیا تھا اور اس پر ووٹنگ کے بعد پاکستانی بیٹسمین اس مہینے کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔
ٹی 20 ورلڈکپ کے دو میچوں میں آصف علی کی دو اننگز ایسی تھیں جنہوں نے ان کو شائقین کی اولین پسند بنادیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے 12 گیندوں پر 27 رنز بنائے تھے۔
افغانستان کے خلاف میچ میں انہوں نے 4 چھکے لگا کر پاکستان کو میچ جتوایا تھا۔
آئی سی سی کی ووٹنگ اکیڈمی کے رکن عرفان پٹھان کا کہنا ہے کہ ’اپنی ٹیم کو میچ جتوانا اور خصوصاً ہار کے جبڑوں سے جیت لے لینا آصف علی کو خاص بناتی ہے۔‘
افغانستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی جارحانہ بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق انڈین فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے کہا کہ آصف علی دو مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کو میچز جتوا چکے ہیں۔
سابق انڈین فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ آصف علی نے ڈیوڈ ویزا اور شکیب الحسن سے کم رنز بنائے ہیں لیکن انہوں نے دباؤ کی صورتحال میں جس طرح سے میچز کو جتوایا وہ اس نے دیگر کھلاڑیوں میں انہیں ممتاز کردیا۔