انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویب سائٹ پر اکتوبر کے مہینے میں ’پلیئر آف دا منتھ‘ کے لیے ووٹنگ جاری ہے اور جن تین کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے ان میں پاکستان کے آصف علی بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے نامزد کردہ کھلاڑیوں میں دیگر دو نام بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور نمیبیا کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے شامل ہیں۔
’پلیئر آف دا منتھ‘ کے لیے ووٹنگ ابھی جاری ہے اور نتیجے کا اعلان 9 نومبر کیا جائے گا۔
Nominees for the ICC Men's #POTM for October 2021 have been revealed!
Find out which players made it to the list, and don't forget to cast your vote
— ICC (@ICC) November 4, 2021
آئرلینڈ کی دو خواتین کھلاڑیوں گیبی لیوس اور لاورا ڈیلانی اور زمبابوے کی میری این مسنڈا کو خواتین کی کیٹیگری میں’پلیئر آف دا منتھ‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق آصف علی کی نامزدگی کی وجہ ان کی ٹی20 ورلڈ کپ میں کارکردگی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف انہوں نے صرف 12 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ افغانستان کے خلاف انہوں نے 19ویں اوور میں چار چھکے مار کر پاکستان کو میچ جتوایا تھا۔
پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین ایک دوسرے سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جائیں اور آصف کو ’پلیئر آف دا منتھ‘ کے لیے ووٹ دیں۔
وقاص بٹ نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’برائے مہربانی دو منٹ نکالیں اور آصف علی کو پلیئر آف دا منتھ کے لیے ووٹ دیں۔‘
عبدالہادی نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اب آپ کی باری ہے آصف علی کا نام یاد رکھنے کی۔‘