مسجد نبوی میں خواتین کو رات کو بھی روضہ شریفہ کی زیارت کی اجازت
زیارت کے لیے اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کریں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رات کے وقت خواتین کو روضہ شریفہ کی زیارت کی اجازت دی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مسجد نبوی انتظامیہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’خواتین اب رات کے وقت بھی روضہ شریفہ کی زیارت کرسکتی ہیں‘۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو خواتین رات کے وقت روضہ شریفہ کی زیارت کرنا چاہتی ہوں وہ شمال کی جانب سے باب عثمان گیٹ نمبر 24 اور جنوب کی طرف سے باب مکہ گیٹ نمبر 37 سے روضہ شریفہ پہنچ سکتی ہیں‘۔
واضح رہے کہ مسجد نبوی کی انتظامیہ نے مسجد نبو ی میں روضہ شریفہ میں نماز اور روضہ اطہر پر حاضری کے اوقات و مقامات متعین کیے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیارت اور نماز کے لیے آنے والے اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کریں۔