افغانستان میں 130 خواتین فروخت کرنے والا شخص گرفتار
افغانستان میں جرائم، اقربا پروری اور کرپشن نئی بات نہیں ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
طالبان نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے مبینہ طور پر 130 افغان خواتین کو کسی امیر آدمی سے شادی کا جھانسہ دے فروخت کیا۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق طالبان کے صوبائی پولیس چیف دم اللہ سراج نے بتایا کہ اس شخص کو پیر کو شمالی صوبے جاوزجان میں گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ابھی ہم نے ابتدائی تفتیش کی ہے اور ہمیں امید ہے اس کیس کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔‘
ضلعی پولیس چیف محمد سردار مباریز نے کہا کہ یہ شخص غریب خواتین کو سہانے سپنے دکھاتا تھا جو اپنے حالات سے تنگ تھیں۔
امیر آدمی سے شادی کے لیے وہ انہیں مختلف صوبوں میں لے کر جاتا تھا اور بعد میں انہیں فروخت کر دیتا تھا اور خریدار انہیں غلام بنا لیتے تھے۔
اس آدمی پر الزام ہے کہ اس نے اس طریقے سے 130 خواتین کو فروخت کیا۔
افغانستان میں جرائم، اقربا پروری اور کرپشن نئی بات نہیں ہے، لیکن بڑھتی ہوئی غربت نے طالبان کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔
تین ماہ قبل اقتدار میں آنے کے بعد طالبان بڑے شہروں میں ڈکیتی اور اغوا جیسے جرائم پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
منگل کو طالبان کی وزارت داخلہ نے کہا کہ محکمہ پاسپورٹ کے عملے سمیت 60 افراد کو پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات بناتے پکڑا گیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ کابل میں پاسپورٹ آفس کو مرمت کے لیے عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔