برلن.. جرمنی نے ایران کے لئے جاسوسی کرنے والے ایک پاکستانی شخص کو مجرم قرار دے دیا۔ برلن کی عدالت کی ترجمان کے مطابق مصطفیٰ حیدرکو غیر ملکی خفیہ ادارے کے ساتھ کام کرنے کے جرم میں 4 سال اور 3 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ جرمنی اور ایک نیٹو رکن ملک کے خلاف ایرانی پاسداران انقلاب کے ایلیٹ یونٹ کی قدس فورس کے لئے جاسوسی کا الزام تھا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق مصطفیٰ حیدر نے جرمن قانون ساز اور جرمنی و اسرائیلی ادارے کے سابق سربراہ سمیت فرانس و اسرائیل کے معاشیات کے پروفیسر پر ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی تھی۔ ان دونوں افراد کے گھر، دفاتر تک جانے والے راستوں، ان راستوں پر موجود سیکیورٹی گارڈز، خفیہ کمیروں اور قریبی پولیس اسٹیشنز کی معلومات بھی اکھٹی کی تھیں۔ جرمنی کی خفیہ سروس کو معلومات ملکی تھیں کہ ایران کی قدس فورس امریکا اور اسرائیل کے ممکنہ تصادم کے پیش نظر یورپ کو نشانہ بناسکتی ہے۔جرمن تحقیقاتی اداروں کے مطابق کراچی میں پیدا ہونے والے مصطفیٰ حیدر نے 2012 میں بطور طالب علم جرمنی آیا تھا ۔ جرمنی میں قیام کے دوران اکتوبر 2015 اور فروری 2016 میں دو مرتبہ ایران کا سفر کرچکا ہے مصطفیٰ حیدر کو جولائی 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا ۔