Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں ’تحلل‘ سہولت سے ڈیڑھ لاکھ عمرہ زائرین نے فائدہ اٹھایا

عمرے کے بعد بال کٹوانے کے لیے متحرک یونٹس کی سہولت موجود ہے (فوٹو: سبق)
مسجد الحرام کی انتظامیہ کی جانب سےاس سال پہلی مرتبہ فراہم کی جانے والی تحلل ( احرام کھولنے) کی سہولت سے رمضان کے دو عشروں میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد عمرہ زائرین مستفیض ہوئے۔
سبق نیوز کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین نے مرد اور خواتین زائرین کے لیے عمرہ کی ادائیگی کے بعد احرام کھولنے کے لیے بال کاٹنے(تحلل) کے لیے متحرک یونٹس کی سہولت فراہم کی۔
بال کاٹنے کے لیے 12 متحرک یونٹس فراہم کیے گئے ہیں جو مسجد الحرام ’مسعی‘ میں مروہ پہاڑی کے علاقے میں موجود ہوتے ہیں۔
ان یونٹس میں موجود آلات کو مستقل بنیادوں پر سینیٹائز کیا جاتا ہے تاکہ کسی قسم کے وبائی مرض کی منتقلی کا خدشہ نہ رہے علاوہ ازیں ان یونٹس میں پروفیشنل باربر موجود ہیں۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے خواتین عمرہ زائرین کے لیے بھی ’تحلل ‘ کی سہولت فراہم کی گئی جہاں پردے کا مکمل اہتمام کیا گیا ہے۔
وہاں خواتین کارکنان متعین ہیں جو عمرہ کی ادائیگی کے بعد زائر خواتین کے تھوڑے سے بال کاٹنے کے لیے موجود ہوتی ہیں۔
خیال رہے عمرہ کی ادائیگی کے بعد احرام کی پابندیوں سے آزاد ہونے کے لیے مکہ مکرمہ کی حدود میں رہتے ہوئے ہی بال کاٹنا ہوتے ہیں تاکہ احرام اتارا جاسکے۔
خواتین کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ ایک انچ یا اس سے تھوڑا سے کم بال کاٹیں تاکہ احرام کی صورت میں عائد پابندیوں سے آزاد ہوسکیں۔

 

شیئر: