امارات: گوشت اور مرغیوں کے نرخوں میں 23 فیصد اضافہ
نرخ بڑھنے کا سبب بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ ہے- (فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں گوشت اور مرغیوں کے نرخ 23 فیصد تک بڑھ گئے- ان میں درآمدی جانوروں اور مرغیوں کے نرخ ہی نہیں بلکہ اندرون ملک کے جانوروں اور مرغیوں کے نرخ بھی شامل ہیں دونوں میں اضافہ ہوا ہے-
الامارات الیوم کے مطابق گوشت اور مرغیوں کے نرخوں میں اضافہ غیر متوقع طور پر ہوا- صارفین نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بازاروں میں چھاپہ مہم شروع کریں اور مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی سرزنش کی جائے-
مارکیٹوں کے دو عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امارات میں مرغیوں اور گوشت کے نرخ بڑھنے کا سبب بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ ہے-
ایک جانب کارگو کی لاگت بڑھ گئی ہے تو دوسری جانب جانوروں اور مرغیوں پر آنے والی لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے-
بیرون ملک سے آنے والی مرغیاں اور گوشت خاص طریقے سے لائے جاتے ہیں- اس کی وجہ سے کارگو کی لاگت بڑھ جاتی ہے- علاوہ ازیں چارہ اور ابتدائی مواد کے نرخوں میں بھی اضافہ ہواہے-
ایک صارف خاتون نورہ الہاشمی نے کہاکہ حالیہ ایام کے دوران اضافہ ناقابل فہم اسباب کے تحت ہوا ہے۔ جو کچھ ہوا ہے اچانک ہوا ہے- پہلے درآمدی گوشت 37 درہم فی کلو میں دستیاب تھا اب اس کی قیمت 43 درہم ہوگئی ہے 16.2 فیصد سے زیادہ مہنگا ہوگیا ہے- مقامی مرغی 17 درہم فی کلو گرام میں دستیاب تھی اب 21 درہم میں فروخت ہورہی ہے اس میں 23.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے-
الہاشمی کا کہنا ہے کہ نہ مرغیوں سے انسان بے نیاز ہوسکتا ہے اور نہ ہی گوشت سے لہذا مارکیٹوں کی کڑی نگرانی ناگزیر ہے-
محمد محسن نامی صارف نے کہاکہ ایک کلو گرام گوشت 34 ریال میں مل رہا تھا اب 39 درہم میں فروخت ہورہا ہے 14.7 فیصد اضافہ ہوگیا ہے- کم چکنائی والا درآمدی گوشت 44 درہم فی کلو مل رہا تھا اب 51 ریال میں دستیاب ہے اس میں 16 فیصد کا اضافہ ہوا ہے-
ایک خاص قسم کی مرغی 17.50 درہم میں دستیاب تھی اب اس کی قیمت 20.75 درہم ہوچکی ہے اس حوالے سے 18 فیصد کا اضافہ ہوچکا ہے-
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں