تحفظ صارفین کمیٹی اس امر کو یقینی بنائے گی درآمد کنندگان منتخب اشیا کے نرخ نہ بڑھائیں فوٹو الامارات الیوم
متحدہ عرب امارات میں تحفظ صارفین کی اعلیٰ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ 2020ء کے دوران گیارہ اشیائے صرف کے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
الامارات الیوم کے مطابق صارفین جو اشیا روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرتے ہیں ان کی ایک فہرست تیار کی گئی ہے تاکہ انہیں اپنے بجٹ میں تنگی کا سامنا نہ ہو۔ کوآپریٹو سوسائٹیوں اور اشیا فروخت کرنے والے تجارتی مراکز کے ساتھ اس سلسلے میں ہم آہنگی پیدا کی جارہی ہے۔
تحفظ صارفین کی اعلی کمیٹی نے توجہ دلائی ہے کہ ان اشیا میں روٹی، غلہ جات، گوشت، مچھلیاں، سمندری کھانے، لسی، پنیر،خوردنی تیل، پھل، سبزیاں، چینی، مربہ جات، مٹھائیاں، چائے، کافی،کوکو، مشروبات، منرل واٹر اور سافٹ ڈرنکس شامل ہیں۔
تحفظ صارفین کی اعلیٰ کمیٹی نے اس حوالے سے ایک اہم سفارش یہ کی ہے کہ گیارہ اشیا کے نرخ نہ بڑھانے پربڑے تجارتی مراکز کو آمادہ کرنے کے لیے ان کے ساتھ مکالمہ کیاجائے۔
اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ درآمد کنندگان منتخب اشیا کے نرخ نہ بڑھائیں۔
وزیر اقتصادیات اور سربراہ اعلیٰ کمیٹی برائے تحفظ صارفین سلطان بن سعید المنصوری کا کہنا ہے کہ ’مارکیٹوں کو کنٹرول کرنا اور اشیائے صرف کے نرخ ناحق بڑھانے سے روکنا ہماری کمیٹی کے ایجنڈے کا سرفہرست معاملہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اعلی کمیٹی برائے تحفظ صارفین متحدہ عرب امارات اور ہر ریاست کی سطح پر متعلقہ اداروں کے تعاون سے اشیائے صرف کے نرخ بڑھنے سے روکنے کی مہم چلائے گی۔
کمیٹی نجی اداروں کو اس بات پر آمادہ کرے گی کہ وہ صارفین کے تحفظ کے لیے سپیشل سکیمیں جاری کرے۔ تجارتی لین دین کو شفاف بنائے۔
سلطان بن سعید المنصوری نے میزد بتایا کہ صحت اور سلامتی کے تحفظ ، تجارتی دھوکہ دہی کو کنٹرول کرنے، معیار کو یقینی بنائے رکھنے اور مارکیٹ میں اشیا کے نرخوں میں مقابلے کے لیے حکومت سپیشل پروگرام پر توجہ مرکوز کرے گی۔