پہلا ٹی20: پاکستان نے بنگلہ دیش کو چار وکٹوں سے شکست دے دی
پہلا ٹی20: پاکستان نے بنگلہ دیش کو چار وکٹوں سے شکست دے دی
جمعہ 19 نومبر 2021 10:50
ڈھاکہ میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
عمدہ بولنگ سپیل پر حسن علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جمعے کو شیرِبنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 128 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں ہی چار کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ تاہم فخر زمان اور خوشدل شاہ کی پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان نے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔
آخری اوورز میں شاداب خان اور محمد نواز نے جارحانہ بیٹنگ کی۔ شاداب خان نے 10 گیندوں پر 21 جبکہ محمد نواز نے آٹھ گیندوں پر 18 رنز سکور کیے۔
محمد رضوان 11 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ بابر اعظم آٹھ رنز بنانے کے بعد تسکین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ حیدر علی بغیر کوئی رنز بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک صفر پر رن آؤٹ ہوئے۔
آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز فخر زمان تھے جنہوں نے 34 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ بھی 34 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
قبل ازیں بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کے مہدی حسن 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر تین جبکہ محمد وسیم جونیئر نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
محمد وسیم جونیئر نے ابتدا میں ہی دو بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔ پہلی وکٹ محمد نعیم کی گری جن کو حسن علی نے آؤٹ کیا۔ وہ تین گیندوں پر صرف ایک رنز ہی بنا پائے۔
آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی سیف حسن تھے جن کو وسیم جونیئر نے پویلین بھیجا۔ وہ بھی ایک ہی رنز بنا سکے۔ اس کے بعد نجم الحسن شانتو کو وسیم جونیئر نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔
آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی کپتان محمود اللہ تھے جو محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ عفیف حسین 36 رنز بنا کر رضوان کے ہاتھوں شاداب کی گیند پر کیچ ہوئے۔ نورالحسن 28 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔
شاداب خان نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ محمد نواز نے چار اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ حارث رؤف مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے چار اوورز میں 33 رنز دیے۔
پاکستان کی ٹیم میں خوشدل شاہ، حیدر علی اور محمد نواز کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کی ٹیم میں محمد نعیم، سیف حسن، نجم الحسین شانتو، محمود اللہ، عفیف حسین، نور الحسن، شریف الحسن، تسکین احمد، امین الاسلام، مہدی حسن اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم دورہ بنگلہ دیش کے دوران تین ٹی20 میچز کے علاوہ دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔
ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ 20 نومبر اور تیسرا میچ 22 نومبر کو ڈھاکہ میں ہی کھیلا جائے۔
ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 نومبر کو چٹوگرام ٹیسٹ سے ہوگا۔