اوورسیز ووٹنگ کا فائدہ نواز شریف کے بیٹوں کو بھی ہوگا: فواد چوہدری
اوورسیز ووٹنگ کا فائدہ نواز شریف کے بیٹوں کو بھی ہوگا: فواد چوہدری
منگل 23 نومبر 2021 16:25
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو تحفظات ہیں۔ اس کے علاوہ باقی چیزوں پر ہم مکالمے کے لیے تیار ہیں۔‘
’وفاقی کابینہ نے ای وی ایم کے معاملے پر ایک کمیٹی قائم کی ہے جو الیکشن کمیشن کے ساتھ رابطہ کاری کرے گی۔ اس کمیٹی میں ڈاکٹر بابر اعوان، اعظم سواتی، شبلی فراز، امین الحق اور اٹارنی جنرل آف پاکستان شامل ہوں گے۔‘
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ ’اس کے ساتھ ساتھ باہر موجود 90 لاکھ پاکستانیوں کا ووٹ کاسٹ ہوگا۔‘
’پہلی بار نواز شریف کے بیٹے بھی پاکستان کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔ انہیں ہمارا شکریہ ادا کرنا چاہیے لیکن وہ پتا نہیں کیوں ناراض ہیں۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’آئندہ الیکشن ہر صورت میں الیکٹرانک مشین پر ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ پورا ہفتہ ہم نے دیکھا کہ لاہور اور اسلام آباد میں مختلف سیمینارز منعقد کیے گئے، پتا چلا کہ دونوں سیمینارز غیر ملکی فنڈنگ سے کیے گئے۔‘
’وفاقی کابینہ میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے دفتر خارجہ سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ اس کے ڈونرز پر ویانا کنونشن کے سیکشن 41 کے تحت بات چیت کی جائے۔ بہرحال اس کی پالیسی دفتر خارجہ بنائے گا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آڈیو لیکس کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔ اس طرح کی ویڈیوز جاری کرنے کا مقصد عدلیہ کو دباؤ میں لانا ہے۔‘
شاید مریم نواز اپنی پارٹی کے لوگوں کو بھی قابو کرنے کے لیے اس طرح کی ویڈیوز بنوا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میڈیا سے ہمارا گلہ یہ ہے کہ جب چینی اور ٹماٹر کی قیمت بڑھتی ہے تو ہیڈ لائنز لگاتے ہیں لیکن جب قمیتیں کم ہوتی ہیں تو یہ بھی لوگوں کو بتایا کریں۔‘
’چینی ملک کے بیشتر شہروں میں 90 روپے کلو مل رہی ہے۔ آئندہ دنوں میں اس کی قیمت 85 روپے تک آ جائے گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’رحمۃ للعالمین اتھارٹی کے لیے بھی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی ہے اور لوکل گورنمنٹ الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن نے جو رقم مانگی ہے وہ بھی جاری کی جا رہی ہے۔‘