کولمبین باکسر کو شکست، محمد وسیم نے ورلڈ باکسنگ سلور ٹائٹل جیت لیا
کولمبین باکسر کو شکست، محمد وسیم نے ورلڈ باکسنگ سلور ٹائٹل جیت لیا
ہفتہ 27 نومبر 2021 9:49
محمد وسیم نے 12 راؤنڈز پر مشتبل باؤٹ میں کولمبین حریف کو شکست دی (فوٹو: Probellum)
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم نے کولمبیا کے رابر بیریرا کو شکست دے کر دوسری بار ورلڈ باکسنگ سلور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ان کے مقابلہ ورلڈ رینکنگ میں نمبر تین کولمبین باکسر سے تھا۔ محمد وسیم نے سخت مقابلے کے بعد اپنے حریف کو شکست دی اور ڈبلیو بی سی اور ڈبلیو بی اے ورلڈ ایلیمینیٹر کے ٹائٹلز کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستانی اور کولمبین باکسرز کے درمیان 12 راؤنڈز پر مشتمل باؤٹ میں محمد وسیم کا پلڑا رہا جس کے بعد ججز نے متقفہ فیصلہ کرتے ہوئے محمد وسیم کو کامیاب قرار دے دیا۔
اس شاندار فتح کے ساتھ ہی محمد وسیم دو مرتبہ ورلڈ باکسنگ چیمپئن بننے والے پہلے پاکستانی بھی بن گئے ہیں۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ محمد وسیم اپنے پروفیشنل کیریئر کی کل 12 باؤٹس میں سے 11 میں فاتح رہے ہیں جس میں سے آٹھ بار انہوں نے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔
نومبر 2019 میں محمد وسیم نے تین بار لائٹ فلائی ویٹ کیٹیگری میں عالمی چیمپئن رہنے والے میکیسو کے باکسر گینگان لوپیز کو شکست دی تھی۔
میچ کے بعد محمد وسیم نے اپنے ٹرینرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’میں اپنے ٹرینرز کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے مجھے اس لڑائی کے لیے مضبوطی سے تیار کیا۔ میں پاکستان کے لیے ایک اور سنگ میل کی تکمیل پر خوش ہوں۔‘
پاکستانی باکسر نے اپنے مداحوں کی جانب سے بھرپور تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ ’مداحوں کی حمایت نے میرے اعتماد کو بڑھایا اور میں ان کی حمایت کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
محمد وسیم نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کرنے پر بہت خوشی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کولمبین فائٹر کے ساتھ مقابلہ کافی سخت رہا مگر میں نے اسے شکست دے دی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میرے جسم پر یہ زخم پاکستان کے لیے ہیں اور آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرتا رہوں گا۔‘