پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1200 روپے کمی
منگل کے روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں ایک تولہ 24 قیراط سونے کی قیمت میں 1200 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو ملک میں ایک تولہ 24 قیراط سونے کی قیمت 1 لاکھ 22 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1028 روپے کی کمی ہوئی ہے اور نئی قیمت 1 لاکھ پانچ ہزار 110 ہوگئی ہے۔
جبکہ زیورات کی تیاری میں استعمال ہونے والے 22 قیراط سونے کی فی 10 گرام قیمت 96350 ہے۔
عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت 1794 ڈالر فی اونس برقرار ہے۔
منگل کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بھی 48 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق منگل کو انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر 176.20 سے کم ہو کر 175.72 روپے ہوگئی ہے۔