سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں دوسرا سمسٹر اتوار سے
طلبہ و طالبات کو احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ ’اتوار پانچ دسمبر 2021 سے پورے ملک میں دوسرا تعلیمی سمسٹر شروع ہو گا۔ 60 لاکھ سے زیادہ طلبہ باقاعدہ اور آن لائن کلاسیں لیں گے۔ کورونا وبا کے مسائل کے باوجود سرکاری، نجی اور غیر ملکی سکول کھل جائیں گے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ’مڈل اور ثانوی سکول باقاعدہ کھلیں گے جبکہ پرائمری اور نرسری سکولوں کے طلبہ (مدرستی) اور( روضتی) پلیٹ فارموں کے ذریعے آن لائن تعلیم حاصل کریں گے‘۔
وزارت تعلیم نے تمام سکولوں کے عہدیداروں اور تعلیم اداروں کو ہدایت کی کہ ’وہ طلبہ سے کورونا ایس اوپیز کی پابندی کرائیں کورونا ایس او پیز کی آگہی کا اہتمام کریں ۔ اس حوالے سے وزارت صحت اور محکمہ صحت عامہ (وقایہ) نے جو ہدایات جاری کی ہیں ان کی پابندی کی جائے‘۔
وزارت تعلیم نے بیان میں مزید کہا کہ ’تربیتی ادارے تعلیمی ادارے کھلنے کے پہلے دن آنے والی مشکلات اور دیگر امور کے بارے میں مفصل رپورٹ پیش کریں گے‘۔
قبل ازیں سعودی وزارت تعلیم نے مملکت میں کورونا کے نئے ویریئنٹ ’اومی کرون‘ کے پہلے کیس کے سامنے آنے کے بعد طلبہ و طالبات کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔