Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی وصولی یقینی و شفاف بنانے کے لیے کیو آرکوڈ سسٹم

لازمی ڈیجیٹل رسید کے پہلے مرحلہ کا آغاز 4 دسمبر سے کردیا گیا ہے( فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں زکوۃ و ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے خرید وفروخت کے لیے کیوآرکوڈ سسٹم پرمبنی لازمی ڈیجیٹل رسید کے پہلے مرحلہ کا آغاز سنیچر 4 دسمبر سے کردیا گیا ہے۔
ادارہ ٹیکسیشن میں رجسٹرڈ تمام تاجروں کو اس بارے میں پہلے ہی مطلع کردیا گیا تھا جس کے تحت انہیں پہلے مرحلے کے حوالے سے ڈیڈ لائن کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کی جاچکی تھیں۔
 عکاظ کے مطابق زکوۃ وٹیکس اتھارٹی کی جانب سے ویلیوایڈیڈ ٹیکس کی وصولی کو یقینی و شفاف بنانے کے لیے اتھارٹی نے فول پروف سسٹم متعارف کرایا ہے جس کے تحت کسی بھی تجارتی کارروائی کی روایتی رسید جاری نہیں کی جاسکے گی۔
نئے سسٹم کے تحت بارکوڈ اسکیننگ کے ذریعے خریداری کی رسیدیں جاری ہوگی جن میں مخصوص کیو آر کوڈ کی سہولت موجود ہوگی۔ 
 مینول یا کمپیوٹرپروگرام کے ذریعے تیار کی جانے والی تمام رسیدیں پہلے مرحلے سے منسوخ ہو جائیں گی ان کی جگہ نئے سسٹم جو کیو آرکوڈ پرمبنی ہے خرید و فروخت کی رسیدیں جاری کی جائیں گی۔
 زکوۃ و ٹیکس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے کی ڈیڈ لائن جو کہ 4 دسمبر تھی سے قبل تاجروں کو سسٹم کے بارے میں مفصل معلومات فراہم کرتے ہوئے انہیں اس بات کی تلقین کی گئی تھی کہ وہ مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل اپنے معاملات کو درست کرلیں۔ 
اتھارٹی نے نئے سسٹم کو متعارف کرانے کے لیے اپنی ویب سائٹ پر معلوماتی لیکچرز کا بھی خصوصی اہتمام کیا تھا تاکہ وہ افراد جو اس سسٹم سے واقف نہیں وہ اس کے بارے میں تمام معلومات حاصل کرلیں۔
 

شیئر: