کیا ٹریفک حادثات کے باعث ملنے والے معاوضے پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ہے؟
انشورنس کمپنیوں کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس لینے کی کی اجازت نہیں ہے (فائل فوٹو: عکاظ)
سعودی زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے کہا ہے کہ ٹریفک حادثات کے باعث ملنے والے معاوضے پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس نہیں ہے۔ یہ معاوضہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے خارج ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق اتھارٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل اس دعوے کی کوئی حقیقت نہیں جس میں کہا جا رہا ہے کہ ٹریفک حادثات سے متاثرین کو ملنے والے معاوضے پر انشورنس کمپنیاں 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس لے رہی ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ غلط ہے۔ انشورنس کمپنیوں کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
کئی لوگوں نے شکایت کی تھی کہ آخر انشورنس کمپنیاں ٹریفک حادثات سے متاثرین کے معاوضے پر 15 فیصد ٹیکس کس بنیاد پروصول کررہی ہیں۔
اتھارتی نے بیان میں کہا کہ معاوضہ خریدوفروخت کے دائرے میں نہیں آتا اور معاوضے پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا سوال پیدا ہی نہیں ہوتا۔
اگر ٹریفک حادثے سے متاثرہ کسی شخص سے انشورنس کمپنی معاوضے پر 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس حاصل کر رہی ہو تو ایسی صورت میں اس کے خلاف شکایت کی جا سکتی ہے۔
سینٹرل بینک ساما سے اس کے بارے میں رجوع کیا جا سکتا ہےاور یہ صارف کا حق ہے۔