خروج و عودہ ویزہ ختم ہونے کی صورت میں کفیل توسیع کروا سکتا ہے؟
خروج و عودہ ویزہ ختم ہونے کی صورت میں کفیل توسیع کروا سکتا ہے؟
منگل 7 دسمبر 2021 0:05
خروج و عودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک مفت اضافہ کیا جائے گاـ فوٹو اے ایف پی
پاکستان سے ایک شخص نے دریافت کیا ہے کہ وہ کورونا کی وجہ سے سفری پابندیاں عائد ہونے کے بعد سے پاکستان میں ہیں جبکہ خروج و عودہ ویزہ 30 نومبر کو ختم ہوگیا تھا، تو اس صورت میں کیا کفیل خروج و عودہ کی مدت میں اضافہ کروا سکتا ہے؟
سعودی عرب میں اعلیٰ قیادت کے احکامات کے تحت یکم دسمبر 2021 سے سفری پابندی والے ممالک سے مسافروں کی مملکت براہ راست آنے پرعائد پابندی ختم ہونے کے ساتھ ہی وہاں موجود لوگوں کے اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک توسیع کی منظوری دی جا چکی ہے۔
اعلیٰ قیادت کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کے تحت پاکستان کا شمار بھی ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں موجود لوگوں کے اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک مفت اضافہ کیا جائے گاـ
اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کا عمل مرحلہ وار کیا جائے گا جس کے لیے انتظار کیا جائے کیونکہ یہ معاملہ محض پاکستان سے تعلق رکھنے والے اقامہ ہولڈرز کا ہی نہیں بلکہ متعدد ممالک کے شہری اس سہولت اور خصوصی رعایت سے مستفید ہوں گے۔
اس ضمن میں سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کا کہنا ہے کہ وہ افراد جو مذکورہ سفری پابندی والے ممالک سے تعلق رکھتے ہیں ان کے اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک کے لیے کی جانے والی توسیع مفت کی جائے گی جس کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر کے تعاون سے کام جاری ہے۔
خیال رہے کہ مملکت میں اقامہ قوانین کے تحت گزشتہ برس سے تارکین کے اقاموں اور خروج و عودہ کی مدت میں اختیاری توسیع کی بھی سہولت دی گئی ہے جس کے تحت تارکین کے اسپانسرز اپنے ابشر یا مقیم پورٹل سے اقاموں اور خروج و عودہ کی مطلوبہ مدت کے لیے مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد توسیع کرانے کا اختیار رکھتے ہیںـ
یاد رہے کہ خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کےلیے 100 ریال فی ماہ کے حساب سے فیس مقرر ہے یہ فیس اختیاری توسیع کرانے والوں کو ادا کرنا ہوتی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی خصوصی رعایت کے تحت خروج و عودہ یا اقامہ کی مدت میں مفت توسیع کی جاتی ہے۔
ایک اور فرد نے سوال کیا ہے کہ جن افراد کے نئے ویزے ہیں اوروہ ایکسپائرہو گئے ہیں ان کا کیا ہو گا، کیا وہ مملکت آسکتے ہیں؟
سعودی حکومت کی جانب سے سفری پابندی والے ممالک سے تعلق رکھنے والوں کے لیے اقامہ اور خروج و عودہ کے علاوہ وزٹ اوردیگر ویزوں کی مدت میں بھی توسیع کے احکامات صادر کیے جا چکے ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے سفری پابندی والے ممالک میں پاکستان اور انڈیا بھی شامل ہیں جہاں رہنے والے اقامہ ہولڈرز اور وزٹ ویزے پرآنے والے بھی اس رعایت سے مستفید ہوں گےـ
خیال رہے کہ سعودی حکام کی جانب سے سفری پابندی والے ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکیوں کے اقاموں اور خروج و عودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک توسیع کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں، اس حوالے سے متعلقہ ادارے مرحلہ وار عمل کر رہے ہیں تاہم وہ افراد جو نئے ویزوں پر مملکت آنا چاہتے ہیں وہ بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔