ہملٹن... جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کیلئے آخری اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ کی کامیابی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ بارش میزبان ٹیم کی کامیابی میں رکاوٹ بن گئی آخری دن کا کھیل ممکن نہ ہونے سے میچ بے نتیجہ قرار پایا جنوبی افریقہ نے سیریز 1-0 سے اپنے نام کرلی۔ کیوی کپتان کین ولیمسن 176 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ 3 میچوں کی سیریز کا ایک میچ جنوبی افریقہ نے جیتا تھا یوں یہ واحد کامیابی اس کیلئے سیریز میں فتح کی نوید بھی بن گئی۔ کھیل کے آخری دن میچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کی کامیابی کے واضح امکانات نظر آرہے تھے ۔ میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کیلئے جنوبی افریقہ کو 175 رنز کی ضرورت تھی۔ چوتھے دن اس کے حصول کے دوران 80 رنز پر اس کے 5کھلاڑی آوٹ ہوچکے تھے۔ اگر موسم کھیل کی اجازت دیتا تو شاید نیوزی لینڈ کے بولر جنوبی افریقہ کو مزید 95 رنز حاصل کرنے کا موقع نہ دیتے اور مہمان ٹیم اننگز کی شکست سے دوچار ہوسکتی تھی۔ جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 314 رنز بنائے تھے ۔ کوئنٹن ڈی کوک 90 ، کپتان فاف ڈوپلیسس 53 اور ہاشم آملہ 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 489 رنز اسکور کئے تھے جس میں کین ولیمسن نے 176 رنز بناتے ہوئے کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کئے۔ کھیل کے پانچویں دن مسلسل بارسے گراونڈ میچ کے قابل نہیں رہا امپائرز نے کھیل کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے میچ کو ڈرا قرار دے دیا تھا۔ دریں اثنائکیوی کپتان کین ولیمسن نے ہملٹن ٹیسٹ بارش کی مداخلت سے ڈرا ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کم و بیش یقینی فتح سے محروم ہوگئی ۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ کھیل کا حصہ ہے لیکن ایک دلچسپ ٹیسٹ میچ کا اس انداز میں ختم ہونا بہرحال مایوس کن ہے۔