برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی ’لاک ڈاؤن پارٹی‘ پر معذرت
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی ’لاک ڈاؤن پارٹی‘ پر معذرت
بدھ 8 دسمبر 2021 21:10
بورس جانسن نے سخت سوالات پر مبنی ایک پارلیمانی اجلاس کے دوران استعفے کے مطالبات بھی کیے گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے گزشتہ برس سامنے آنے والی ویڈیو پر معذرت کی ہے اور داخلی سطح پر اس کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ برس ڈاؤننگ سٹریٹ میں کرسمس پارٹی کے بارے میں سینئر معاونین کے مذاق اڑانے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جب کوویڈ 19 کے قوانین کے تحت سماجی تقریبات پر پابندی عائد تھی۔
بورس جانسن اور ان کے وزراء نے ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس کی تسلسل کے ساتھ تردید کی تھی کہ اس طرح کی کوئی پارٹی نہیں ہوئی لیکن منظرعام پر آنے والی یہ فوٹیج ان کے موقف کے متصادم دکھائی دیتی ہے۔
اخباری رپورٹس کے بعد بورس جانسن کے عملے کے درجنوں ارکان نے 18 دسمبر 2020 کی شام کو ایک بڑے اجتماع میں شرکت کی تھی۔
بورس جانسن نے سخت سوالات پر مبنی ایک پارلیمانی اجلاس کے دوران جس میں کچھ اپوزیشن سیاست دانوں کی جانب سے ان سے استعفے کے مطالبات بھی کیے گئے، اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر تحقیقات میں قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ’انضباطی کارروائی‘ کی جائے گی۔
بورس جانسن نے کہا کہ ’میں 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے عملے کے لاک ڈاؤن سے متعلق تبصروں پر ملک میں پائے جانے والے غصے کو سمجھتا ہوں اور اس میں شریک ہوں۔‘
’میں اس جرم کے لیے معذرت خواہ ہوں جو اس کی وجہ سے ہوا ہے اور میں اس تاثر کے لیے معذرت خواہ ہوں جو اس کی وجہ سے قائم ہوا۔‘
بورس جانسن نے مزید کہا کہ انہیں ’بار بار یقین دہانی کرائی گئی‘ کہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے دفتر کے اندر کوئی پارٹی نہیں تھی اور نہ ہی کوئی اصول توڑا گیا تھا۔‘
لیکن لیبر پارٹی کے رہنما کیئر سٹارمر نے کہا کہ اس واقعے سے بورس جانسن کی ساکھ پر سوال قائم ہو گئے ہیں۔
انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کو بتایا کہ ’وہ جانتے تھے کہ ایک پارٹی تھی، وہ جانتے تھے کہ یہ قواعد کے خلاف ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ اسے تسلیم نہیں کر سکتے اور ان کے خیال میں یہ کوئی مذاق ہے۔‘
’کیا وزیر اعظم سمجھتے ہیں کہ انہیں برطانوی عوام کی قیادت اور انہیں قواعد پر قائم رہنے کا کہنے کا کوئی اخلاقی اختیار ہے؟‘
بورس جانسن کی جانب سے نئی اعلان کردہ تحقیقات کی سربراہی ملک کے سب سے سینیئر سرکاری افسر کیبنٹ سیکریٹری سائمن کیس کریں گے، تاہم ڈاؤننگ اسٹریٹ کے بارے میں یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کب واپس رپورٹ کریں گے۔
بورس جانسن کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ ‘ان سے کہا گیا ہے کہ وہ 18 دسمبر کو ہونے والے کسی بھی واقعے کے بارے میں حقائق معلوم کریں۔‘