Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر صارفین کی ’آمنہ آپی‘ انٹرنیشنل وومن آف کریج ایوارڈ کے لیے نامزد

آمنہ بیگ پاکستانی ٹویٹر صارفین میں کافی مشہور ہیں، جو اکثر انہیں 'آمنہ آپی' کے نام سے پکارتے ہیں۔ (فوتو: سوشل میڈیا)
پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے ایک پاکستانی خاتون پولیس افسر کو اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا ہے جو دنیا بھر امن، انصاف، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے میں غیر معمولی جرات اور قیادت کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کو دیا جاتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلر کی میزبانی میں صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف مہم 16 روزہ مہم کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) آمنہ بیگ کی انٹرنیشنل ویمن آف کریج ایوارڈ کے لیے نامزدگی کا اعلان کیا گیا۔
اے ایس پی آمنہ بیگ اسلام آباد پولیس کے جینڈر پروٹیکشن یونٹ کی انچارج ہیں، جو حکومت نے خواتین اور خواجہ سراؤں کو امتیازی سلوک اور ناانصافی کے خلاف جنگ میں سہولت فراہم کرنے کے لیے قائم کیا ہے۔
آمنہ بیگ پاکستانی ٹوئٹر صارفین میں کافی مقبول ہیں، جو اکثر انہیں ’آمنہ آپی‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔
امریکی سفارت خانے کے مطابق تقریب میں امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلر نے کہا کہ ’اگرچہ صنفی بنیاد پر تشدد وسیع ہے، لیکن یہ ناگزیر نہیں ہے۔‘
’اسے روکا جا سکتا ہے اور روکنا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ہر سال یہ وقت صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف اپنی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے نکالتے ہیں اور خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کی روک تھام اور اس کا جواب دینے کے لیے زیادہ اجتماعی اور انفرادی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
امریکی سفارت خانے کے مطابق صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف مہم کی 16 روزہ مہم  کا آغاز 1991 میں ہوا تھا۔ آج تقریباً 187 ممالک میں چھ ہزار سے زیادہ تنظیموں نے اس مہم میں حصہ لیا ہے اور 30 کروڑ افراد تک اپنی بات پہنچائی ہے۔

شیئر: