Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایسا ’تھپڑ‘ جو خواتین پر تشدد میں کمی لائے گا

تاپسی پنوں کہتی ہیں کہ گھریلو تشدد جیسے مسئلے پر بات چیت نہیں کی جاتی،  (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ اداکارہ تاپسی پنوں خواتین پر ہونے والے گھریلو تشدد کے بارے میں کہتی ہیں کہ ان کی فلم سے اس مسئلے پر آنے والے دنوں میں بحث ہو گی۔
بالی وڈ کی نئی فلم ’تھپڑ‘ میں خواتین پر تشدد اور ان کے حقوق کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق تاپسی پنوں کہتی ہیں کہ گھریلو تشدد ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس پر بات نہیں کی جاتی۔ 
وہ کہتی ہیں یہ فلم صرف خواتین پر گھریلو تشدد کے بارے میں نہیں ہے۔
اس فلم کا ایک ڈائیلاگ ہے ’پتہ ہے اس تھپڑ سے کیا ہوا؟ اس ایک تھپڑ سے مجھے وہ ساری ان فیئر چیزیں صاف صاف دکھنے لگ گئیں جس کو میں ان دیکھا کر کے مو آن کرتی جا رہی تھی۔‘
ان کے مطابق ’اس فلم کے ذریعے ہم گھریلو تشدد جیسے بڑے مسئلے کو سامنے لانا چاہ رہے ہیں، دیکھتے ہیں کہ اس فلم کے بعد کتنا بحث مباحثہ ہوتا ہے اور کتنے لوگ اپنی خاموشی توڑتے ہیں۔‘
تاپسی پنوں نے اس فلم میں امرتا نامی ایک تعلیم یافتہ متوسط طبقے کی خاتون کا کردار ادا کیا ہے۔ وہ اپنے رشتے پر اس وقت سوچنا شروع کر دیتی ہیں جب ان کے شوہر ان کو تھپڑ مارتے ہیں۔
32 برس کی تاپسی پنوں نے فلم کے بارے میں مزید کہا کہ میاں بیوی کے رشتے کو نبھانے کے لیے خواتین کو کہا جاتا ہے کہ صبر کر لیں۔
’یہ مسئلہ صرف ناخواندہ خاندانوں کا نہیں بلکہ تعلیم یافتہ خاندانوں میں بھی ایسا کہا جاتا ہے۔ ہر پانچ میں سے تین خواتین کو یہ مسئلہ درپیش ہے۔‘

تاپسی پنوں کا کہنا ہے کہ فلم سے گھریلو تشدد جیسے موضوع پر بحث شروع ہو گی (فوٹو: سوشل میڈیا)

تاپسی پنوں کے مطابق رشتہ بچانے کے لیے خواتین اور مردوں سے الگ الگ توقعات رکھی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب آپ بڑے ہو رہے ہوتے ہیں تو آپ کو کہا جاتا ہے کہ اس بات کا خیال رکھیں یا اس بات کا۔ لیکن جب ایک خاتون مرد کی طرح گھر چلا سکتی ہے تو پھر اس کے لیے اصول مختلف کیوں؟‘
تاپسی پنوں نے انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ امرتا کے کردار نے ان کو مضبوط بنایا ہے۔
یہ فلم 28 فروری کو ریلیز ہوگی۔

شیئر: