ڈبل ایکس ایل: ’سائز لارج، سپنے ایکسٹرا لارج‘
فلم کا اعلان بڑے دلچسپ انداز میں ایک ویڈیو کے ذریعے کیا گیا ہے جو سوناکشی سنہا اور ہما قریشی کے مکالمے پر مبنی ہے (سکرین گریب)
بالی وڈ میں ہیروئن کے کردار کے لیے مخصوص جسامت کو لازمی سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ بہت سی اداکاراؤں نے فلم نگری میں قدم رکھنے سے پہلے اپنا وزن کم کرنے کے لیے کافی جتن کیے ہیں۔
لیکن اس کے باوجود کئی سلیبریٹیز کو باڈی شیمنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے اور کچھ اداکاراؤں نے اس کے خلاف آواز بھی اٹھائی ہے۔
سوناکشی سنہا اور ہما قریشی کا شمار بھی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو باڈی شیمنگ کا شکار ہوئی ہیں۔
سوناکشی اپنے وزن پر تبصرے کرنے والوں کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر’شٹ اپ کال‘ دیتی رہی ہیں لیکن اب یہ دونوں اداکارائیں ایک ساتھ ایک فلم کے ذریعے ان تمام لوگوں کو واضح پیغام دیں گی جو زیادہ وزن کی حامل خواتین کی ٹرولنگ کرتے ہیں۔
یہ فلم ہے ’ڈبل ایکس ایل‘ جس کے نام سے ہی ظاہر ہے کہ یہ بھاری بھرکم جسامت کے حامل افراد سے متعلق ہے۔
اس فلم کا اعلان بڑے دلچسپ انداز میں ایک ویڈیو کے ذریعے کیا گیا ہے جو سوناکشی سنہا اور ہما قریشی کے مکالمے پر مبنی ہے۔
اس ویڈیو میں ہما قریشی کہتی ہیں کہ ’یار سوناکشی اس فلم کے لیے جو وزن بڑھایا ہے اسے کم کیسے کریں گے؟‘
جس کے جواب میں سوناکشی کہتی ہیں ’ویسے ہی جیسے پہلی بار ہیروئین بننے کے لیے کیا تھا۔ بھول گئی کیا جب لوگ کہتے تھے ہما قریشی کا وزن ہیروئن کے کردار کے لیے بہت زیادہ ہے۔‘
ہما قریشی یہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ ’اور تُو بھول گئی تیرے ہر پرومو تیرے ہر ویڈیو کے کمنٹس میں موٹاکشی لکھتے تھے لوگ۔‘
پھر دونوں ہنستی ہیں اور ہما قریشی نشاندہی کرتی ہیں کہ ’ابے ہم لوگ ایک دوسرے کو فیٹ شیم کر رہے ہیں کیا؟‘
جس پر سوناکشی کہتی ہیں ’اور کیا ہمارے دیس میں فیٹ شیم میں گرو (فخر) کی بات سمجھتے ہیں لوگ۔‘
ہما قریشی پوچھتی ہیں ’مگر کیوں یار جو کرتے ہیں ان میں سے بہت سوں کی بہنیں، فرینڈز اور مائیں اوور ویٹ تو ہوتی ہوں گی تو کیا انہیں بھی سپنے سیکھنے کا حق نہیں ہے؟‘
اس سوال کا جواب سوناکشی کچھ یوں دیتی ہیں کہ ’‘ہے پارٹنر تبھی تو اس فلم کی کہانی سنانا ضروری ہے۔‘
سوناکشی سنہا نے فلم کی اس ’اناؤنسمنٹ ویڈیو‘ کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’سائز لارج، سپنے ایکسٹرا لارج۔‘
سترم رامانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈبل ایکس ایل‘ آئندہ سال ریلیز ہوگی۔