Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا ٹرولنگ: 'لوگ جو چاہتے ہیں بول دیتے ہیں اب بس!'

سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ لوگ آزادی اظہار رائے کا غلط مطلب لیتے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کی دبنگ گرل سوناکشی سنہا جنہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد چھڑ جانے والی اقربا پروری کی بحث اور نفرت پر مبنی تبصروں کی وجہ سے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ غیر فعال کر دیا تھا، اب آن لائن ٹرولنگ اور گالم گلوچ کے خلاف ایک مہم چلا رہی ہیں۔
'اب بس' کے عنوان سے یہ مہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہراساں کیے جانے اور نازیبا الفاظ کے استعمال کو روکنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔ 
انڈین ویب سائٹ 'پنک ولا' کو اپنے انٹرویو میں 'دبنگ گرل' نے کہا کہ 'لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ چونکہ وہ سکرین کے پیچھے چھپے بیٹھے ہیں اس لیے وہ گمنام ہیں اور جو چاہتے ہیں اور جس انداز سے چاہتے ہیں کہہ سکتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'بالکل، جمہوریت کا سوشل میڈیا پر غلط استعمال کیا جاتا ہے۔ لوگ آزادی اظہار رائے کا غلط مطلب لیتے ہوئے اسے گالی دینے کی آزادی سمجھ رہے ہیں۔'
سوناکشی نے بتایا کہ 'اسی لیے ہم لوگوں کو آگاہی دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ کہ جو ایسا کرتے ہیں ان کے خلاف کیا کارروائی کی جا سکتی ہے۔' 

سوناکشی سنہا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ تاحال فعال ہے (فوٹو:انسٹاگرام)

سوناکشی سمجھتی ہیں کہ لاک ڈاؤن میں جو لوگ فارغ بیٹھے ہیں جن کے پاس اپنی توانائیاں صرف کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے وہ قصوروار ہیں۔ 'ہاں مجھے ٹرول کیا گیا اور مجھے شرمندہ کیا گیا حتیٰ کہ مذاق اڑانے کے خلاف آواز اٹھانے پر مجھے ٹرول کیا گیا۔'
بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سے بالی وڈ میں 'اقربا پروری' پر بحث چھڑی ہوئی ہے۔ 
سوشل میڈیا صارفین بالی وڈ کی کئی نامور شخصیات کے خلاف ٹوئٹر پر ٹرینڈ چلا رہے ہیں اور ان کی ٹائم لائنز ان سلیبریٹیز کے خلاف تنقیدی ٹویٹس سے بھری ہوئی ہیں۔
سوناکشی سنہا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اداکارہ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ تاحال فعال ہے۔
سوناکشی سنہا معروف انڈین اداکار شتروگھن سنہا کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے انڈسٹری میں بہت سی فلموں میں کام کیا ہے۔ ان کی مشہور فلموں میں جوکر، دبنگ، ونس اپون آ ٹائم ان ممبئی اور راؤڈی راٹھور شامل ہیں۔

شیئر: