دو جدید ترین اطالوی جنگی طیارے یوروفائٹر ٹائیفون کویت کے حوالے
لیونارڈو کمپنی نے اطالوی فضائیہ کے تعاون سے کویت کے پائلٹس کو تربیت دی۔ (کے یو این اے)
کویت ایئر فورس کے لیے اٹلی میں تیار کیے گئے 28 میں سے دو جنگی طیارے ’یورو فائٹر ٹائیفون‘ کویت کو فراہم کردیے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یورو فائٹر ٹائیفون کے دو جنگی طیارے منگل کو کویت کے حوالے کیے گئے ہیں۔
کویتی ایئرفورس کے بیان کے مطابق جنگی طیارے اٹلی کی ایروسپیس کمپنی لیونارڈو نے تیار کیے ہیں اور کویتی پائلٹس کو ان کی تربیت بھی دی گئی ہے۔
یہ دونوں جنگی طیارے مختلف صلاحیتوں کی حامل ٹائیفون ٹرانچ تھری ہیں۔ اس کی خصوصیات میں الیکٹرانک وار فیئراور تیز رفتار صلاحیت کے ساتھ ساتھ جدید میزائل ہتھیاروں سے لیس ہیں۔
کویتی چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد صالح الصباح، وزارت دفاع کے قائم مقام انڈر سیکریٹری شیخ فہد جابر العلی الصباح اور کویت کے لیے اٹلی کے سفیر کارلو بلڈوچی نے لیونارڈو کمپنی کے نمائندوں کے ساتھ طیاروں کی حوالگی سے متعلق تقریب میں شرکت کی۔
اطالوی وزیر دفاع لورنزو مگیورینی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ اٹلی کے لیے ایک بہترین کام ہے جو بیرون ملک اطالوی مصنوعات کی کامیابی کو ظاہر کررہا ہے۔ اس کے علاوہ یہ دنیا میں اطالوی صنعت کی پوزیشن کو بھی مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ کویت کو پہلے دو جنگی طیاروں کی ترسیل دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر ہوئی۔
لیونارڈو کمپنی کے سی ای او الیسندرو پروفیومو نے کہا ہے کہ کویت ایئرفورس کے لیے تیار کیے گئے یورو فائٹر ٹائفون یورپی پروگرام کی پوری تاریخ میں سب سے زیادہ جدید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کویت کو متاثر کن فضائی دفاعی صلاحیت فراہم کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اطالوی فضائیہ کے تعاون سے ہم نے کویت کے پائلٹس کو اپنے تربیتی مراکز میں تربیت دی ہیں جبکہ 28 طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے جدید ترین انفراسٹرکچرز بنائے۔