پروقار شخصیت کی 60 ویں سالگرہ پر اس نمائش کا یہ بہترین وقت ہے۔ (فوٹو ڈیلی نیوز)
برطانوی شاہی خاندان کے لیے فوٹوگرافر انورحسین اور ان کے بیٹے زیک اور سمیر نے کئی دہائیوں پر مشتمل خصوصی لمحات ریکارڈ کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس فوٹوگرافرز خاندان نے اب رسمی پورٹریٹ کی روایت سے آگے بڑھ کر شہزادی ڈیانا سمیت شاہی خاندان کے آرام دہ اورپرسکون انداز کو تصویری شکل دی ہے۔
لیڈی ڈیانا کی 140 شاندار تصاویر اور ان کے ساتھ منسلک کہانیاں اس لیڈی ڈیانا ایگزیبیشن میں واک تھرو دستاویزی فلم کی مانند خصوصی طورپرزائرین کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
اس نمائش میں شرکت کرنے والے لیڈی ڈیانا کی مشہور ملبوسات کی جھلک کے ساتھ لیڈی ڈیانا کی زندگی ایک نوجوان لڑکی سے شہزادی اور اس کے بعد مشہور شخصیت اور آئی کون بننے تک کے مراحل دیکھ سکتے ہیں۔
اس نمائش کے موقع پر مشہور فوٹوگرافر زیک حسین نے بتایا ہے کہ لیڈی ڈیانا اپنے شوہر پرنس چارلس کو پولو کھیلتے ہوئے دیکھنے جاتی تھیں اور اپنے بچوں ہیری اور ولیم کو بھی ساتھ لاتی تھیں اور ہم بھی وہیں پر کھیل رہے ہوتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ جب ہم بچے تھے تو یہ ایک عام بات تھی کہ اس وقت ہم لیڈی ڈیانا کے آس پاس ہی موجود ہوتے تھے۔
انور حسین تاریخ میں ایک طویل عرصہ تک شاہی فوٹوگرافر رہے۔ زیک حسین اورسمیرحسین دونوں بھائیوں کو اپنے والد کے ساتھ برطانوی شاہی خاندان کی فوٹوگرافی کا اعزاز حاصل ہے۔
اب بھی یہ دونوں فوٹو گرافر برطانوی شاہی خاندان کی آئندہ نسل کے لیے بھی اپنی ان خدمات کو والد کی میراث کے طور پر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خوبصورت تصویری نمائش کے ڈائریکٹر کلفٹن سکیلیٹر نے اس موقع پر بتایا ہے کہ لیڈی ڈیانا کی 60 ویں سالگرہ پر اس نمائش کا یہ بہترین وقت ہے۔ اس میں شہزادی کی کے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ کتنی ہمدرد، مہربان، فیاض، ہمدرد اور سوچ سمجھ رکھنے والی خاتون تھیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس نمائش کے لیے یہ بالکل ٹھیک وقت ہے اورہمیں ایسی پروقار شخصیت کو عوام کے ذہنوں میں زندہ رکھنے کے لیے ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیک حسین کے لیے ایسی ہمددر اور معروف شخصیت کی زندگی کو دستاویزی شکل دینا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔
زیک حسین کا کہنا ہے کہ یہ واقعی ایک اعزاز کی بات ہے کہ میں ان چند افراد میں شامل ہوں جو شاہی خاندان کے تاریخی لمحات اور واقعات کو تصویری شکل میں آپ کے سامنے لاتے ہیں۔