امریکہ میں گرفتار ’ممکنہ دہشت گرد‘ سعودی شہری نہیں: سعودی ایمبیسی
امریکہ میں سعودی عرب کے سفارت خانے کی جانب سے اس بات کی تردید کی گئی ہے کہ حال ہی میں امریکہ میں گرفتار ہونے والا ایک ’ممکنہ دہشت گرد‘ سعودی شہری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس سے قبل امریکی حکام نے غلط طور پر دعویٰ کیا تھا کہ اریزونا میں گرفتار کیا جانے والا 21 سالہ شخص سعودی عرب کا شہری ہے۔
منگل کو سعودی سفارت خانے کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر امریکہ کے متعلقہ حکام سے رابطوں کے بعد سفارت خانہ اس امر کی تصدیق کرتا ہے کہ گرفتار کیا جانے والا شخص سعودی شہری نہیں ہے۔
سعودی سفارت خانے کی ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم اس معاملے میں امریکی حکومت کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور اس حوالے سے حقائق سامنے لائیں گے۔‘
قبل ازیں امریکی حکام نے کہا تھا کہ ’ممکنہ طور پر دہشت گرد‘ میکسیکو سے جمعرات کی رات غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوا۔