Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ہرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: رمیز راجہ

رمیز راجہ کے مطابق کرکٹرز کو 30 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ مستقبل کے کرکٹرز کی تلاش کے لیے سکولوں کی سطح پر پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جہاں سے 100 ینگ کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے گا۔
بدھ کو کراچی میں پی سی بی کے ایگزیکٹیو افسر فیصل حسنین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ سکولوں سے جن 11 سے 14 سال کے کھلاڑیوں کا انتخاب ہو گا ان کو 30 ہزار روپے ماہوار وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
رمیز راجہ نے یہ بھی بتایا کہ نیوزی لینڈ کے واپس جانے اور انگلینڈ کے نہ آنے کے بعد بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا تاہم دنیا نے ہمارا موقف تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’نیت نیک ہو تو رزلٹ ملتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کامیابی میں کوچ کا بھی کردار ہے تاہم اصل لیڈر کپتان ہوتا ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ جب تک آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر ہرا نہیں دیتے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ان کے بقول ہمارے ہاں یہ جو تصور بنا ہوا کہ کوچز ٹیم کا مستقبل کا فیصلہ کرتے ہیں تو ایسا فٹ بال یا ہاکی میں تو ہو سکتا ہے لیکن کرکٹ میں نہیں۔
’کپتان کے پاس جب تک اونرشپ نہیں ہوتی، کپتان ٹیم کو لڑا نہیں سکتا۔‘
ایک سوال کے جواب میں رمیز راجہ نے بتایا کہ کرکٹ کی ترقی کے لیے ہر سطح  پر کوشاں ہیں۔
ان کے مطابق پچز ٹھیک نہیں ہیں، اور جب تک یہ ٹھیک نہیں ہوتیں کرکٹ آگے نہیں بڑھ سکتی۔
’آسٹریلیا سے مٹی اور دو پچز منگوائی جا رہی ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’اسی طرح ہائی برڈ پچز بھی منگوائی جا رہی ہیں جن پر 95 فیصد قدرتی مٹی ہوتی ہے اور ان پر پانچ فیصد گھاس کو درزی کی طرح سیا گیا ہوتا ہے۔‘
رمیز راجا نے کہا کہ یہ ایک انقلابی قدم ہو گا، یہ پچز کلبز میں بچھائی جائیں گی۔

شیئر: