الباحہ میں 3100 تفتیشی دورے، 12 دکانیں بند
اتوار 26 دسمبر 2021 10:09
’متعدد خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر 47 دکانداروں کو جرمانے دیئے گئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
الباحہ میونسپلٹی نے گزشتہ دنوں مقامی مارکیٹ میں 3100 تفتیشی دورے کئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تفتیشی دوروں کے نتیجے میں متعدد خلاف ورزیوں پر 12 دکانوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
الباحہ کے میئر ڈاکٹر علی بن محمد السواط نے کہا ہے کہ ’تفتیشی دوروں کے دوران متعدد خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر 47 دکانداروں کو جرمانے دیئے گئے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’جن دکانوں کو بند کر دیا گیا ہے وہاں ایس او پیز کے علاوہ بلدیاتی ضابطوں کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی تھیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’تفتیشی اہلکاروں کو واضح طور پر ہدایت ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے‘۔
انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی ضوابط اور ایس او پیز کی پابندی کرانے میں تعاون کریں۔
جہاں کہیں بھی کوئی خلاف ورزی دیکھی جائے تو فوری طور پر بلدیہ کے ٹول فری نمبر پر رابطہ کیا جائے۔