ریاض: جعل سازی کے الزام میں 8 پاکستانی گرفتار
جمعرات 30 دسمبر 2021 20:50
ملزمان دراندازوں سے رقم لے کر انہیں جعلی سرکاری دستاویزات دیتے تھے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
ریاض پولیس نے جعلی سرکاری دستاویزات تیار کرنے کے الزام میں 8 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریاض پولیس کے ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ پولیس کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ شہر میں نامعلوم افراد پر مشتمل ایک گروہ جعلی دستاویزات تیار کرکے انہیں دراندازوں کو فروخت کرتا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی مرتب کی۔ ملزمان کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہونے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
ریجنل ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان ریاض شہر میں مقیم تھے جہاں انہوں نے اپنے دو ٹھکانے بنائے ہوئے تھے۔
ملزمان کے قبضے سے جعلی سرکاری شناختی دستاویزات تیار کرنے والے آلات، پرنٹر اور دیگر اشیا کے ساتھ رقم بھی برآمد ہوئی۔
تمام ملزمان کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ان کا مقدمہ فوجداری عدالت کو بھیج دیا جائے گا۔