Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

1.4 ملین نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی 6 کوششیں ناکام

گولیاں سراغرساں کتوں اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے پکڑی گئیں- (فوٹو کسٹم اتھارٹی ٹوئٹر)
زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے کہا ہے کہ الحدیثہ بری سرحدی چیک پوسٹ کے  راستے 1.4 ملین نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی چھ کوششیں ناکام بنادی گئیں- یہ گولیاں پارسل اور مسافر کے نجی سامان میں چھپا کر سمگل کی جارہی تھیں-
اخبار  24 کے مطابق زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ مملکت کے کسی بھی ہوائی اڈے، بندرگاہ یا بری سرحدی چوکی پر پہنچنے والے سامان کا معائنہ سراغرساں کتوں اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا جاتا ہے- نشہ آور گولیوں کا انکشاف بھی اسی طریقہ کار پر عمل کے ذریعے ممکن ہوا-
اتھارٹی نے توجہ دلائی کہ ہمارے اہلکاروں نے سمگلنگ کی پہلی کوشش اس وقت ناکام بنائی جب الحدیثہ چیک پوسٹ کے راستے ایک ٹرک مملکت پہنچا- ٹرک کے ریڈییٹر اور ڈرائیور کے نجی بستر کے خفیہ خانوں میں تین لاکھ 48 ہزار سے زیادہ نشہ آور گولیاں چھپا کر سمگل کی جارہی تھیں-
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دوسری کوشش میں 4 لاکھ 5 ہزار سے زیادہ نشہ آور گولیاں سمگل کی جارہی تھیں- الحدیثہ چیک پوسٹ پر ایک ٹرک کے ذریعے یہ کام سابقہ انداز میں کیا جارہا تھا-
تیسری کوشش کے تحت 3 لاکھ 3 ہزار  488 نشہ آور گولیاں لائی گئی تھیں یہ کوشش بھی ناکام بنادی گئی-
اتھارٹی نے توجہ دلائی کہ چوتھی کوشش کے تحت  2 لاکھ 30 ہزار  232 نشہ آور گولیاں مردانہ ملبوسات کے  پارسل میں چھپا کر سمگل کی جارہی تھیں- جبکہ ایک لاکھ 19 ہزار سے زیادہ نشہ آور گولیاں کار کے ٹائرز کے خول میں چھپا کر لائی گئی تھیں- یہ تمام کوششیں یکے بعد دیگرے ناکام بنادی گئیں-
اتھارٹی نے بتایا کہ چھٹی کوشش کے تحت 27 ہزار 907 نشہ آور گولیاں ایک مسافر لے کر پہنچا تھا وہ بس سے الحدیثہ چیک پوسٹ آیا تھا- اس کے سامان کی تلاشی کے دوران نشہ آور گولیاں برآمد کرکے ضبط کرلی گئیں-
اتھارٹی نے بتایا کہ مذکورہ نشہ آور گولیاں وصول کرنے والے چار افراد کو محکمہ انسداد منشیات کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے گرفتار کرلیا گیا-
اتھارٹی نے تنبیہ کی ہے کہ آئندہ بھی اس کے اہلکار درآمدات و برآمدات کی چیکنگ کے ذریعے سمگلنگ کی ہر کوشش کو ناکام بناتے رہیں گے تاہم مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے تعاون کی پرزور اپیل  ہے- ان سے درخواست ہے کہ انہیں جب بھی سمگلنگ کی کسی کوشش کا علم ہو تو پہلی فرصت میں 1910 پر رابطہ کرکے یا ای میل کے ذریعے یا انٹرنیشنل نمبر 00966114208417 پرمطلع کردیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: