Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 2021 میں سونے کی قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟

سونے کی قیمت میں 12 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں 2021 کے دوران سونے کی قیمت میں اوسطا ہر مہینے کے حساب سے ایک ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان کی گولڈ مارکیٹ کے اعدادوشمار کے مطابق 2021 میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 12 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جنوری 2021 میں سونے کی فی تولہ قیمت 114000روپے تھی جو دسمبر 2021 میں 12000 روپے کے اضافہ کے ساتھ 126000 روپے رہی۔
دوسری جانب جنوری کے مقابلے میں 10 گرام سونے کی قیمت میں 10260 روپے کا اضافہ ہوا اور دسمبر میں یہ قیمت 108024 روپے رہی۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر محمد ارشد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان عالمی مارکیٹ کے برعکس رہا ہے۔ امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی مسلسل گرتی قدر اس کی بڑی وجہ رہی ہے۔
2021 میں سونے کی قیمت کی بلند ترین سطح 26 اکتوبر کو ریکارڈ کی گئی جب اس کی قیمت 132800 روپے تک جا پہنچی تھی۔
پاکستان میں ایک سال کے دوران سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ انٹرنیشل گولڈ مارکیٹ میں سال کی ابتدا میں فی اونس سونا 1895 ڈالر تھا جو سال کے اختتام پر 90 ڈالر کی کمی کے بعد 1805 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔
پاکستانی صرافہ مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں ایک سال کے دوران فی تولہ 250 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور دسمبر 2021 کے اختتام پر چاندی کی قیمت 1450 روپے رہی۔

شیئر: