ممکت میں پانچ کروڑ 98 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائی گئیں
ممکت میں ویکسینیشن کا آغاز 17 دسمبر2020 کو ہوا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں اب تک کورونا کی پانچ کروڑ 98 لاکھ سے زائد خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ ویکسین کی مجموعی خوراکوں میں 27 لاکھ بوسٹرڈوزز بھی شامل ہیں۔
اخبار 24 نے وزارت صحت کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ سعودی عرب کے تمام ریجنز میں اب تک کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین پانچ کروڑ 98 لاکھ 9 ہزار 449 خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
لگائی جانے والی ویکسین کی خوراکوں میں 27 لاکھ سے زائد بوسٹر ڈوز بھی شامل ہے جبکہ ویکسینیشن کی مجموعی تعداد میں 25.02 ملین پہلی خوراک، 23.18 ملین دوسری خوراک شامل ہے۔
وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین کی مجموعی خوراکوں میں معمر افراد کو 1.9 ملین ویکسین کی خوراکیں دی گئیں جبکہ اس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
واضح رہے کہ وزارت صحت نے مملکت میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کا باقاعدہ آغاز 17 دسمبر 2020 کو کیا گیا تھا جس کے لیے مملکت کے تمام ریجنز اور قصبوں میں ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے، جہاں لوگوں کو مفت ویکسین کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔