ایتھوپین خادمہ کی خودکشی کی وڈیووائرل
ساتویں منزل پر اپارٹمنٹ سے لٹکی خادمہ، مالکن سے مدد طلب کرتی رہی
کویت سٹی (نیوزڈیسک) ایک کویتی خاندان کے پاس کام کرنے والی ایتھوپین خادمہ کی وڈیو وائرل ہوگئی جس میںاس نے 7ویں منزل سے کود کر خودکشی کی کوشش کی تھی۔ خودکشی کی یہ کارروائی مالکن نے وڈیو بناکر محفوظ کرلی۔ یہ وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ وڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایتھوپین خادمہ ساتویں منزل میں واقع اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے لٹکی ہوئی ہے اور وڈیو بنانے والی خاتون سے مدد کی اپیل کررہی ہے۔ خادمہ، مالکن سے کہتی رہی کہ اپنا ہاتھ بڑھا کرمجھے بچالو مگر مالکن نے اسے نہیں بچایا اور وہ نیچے گر گئی۔وڈیو کے وائرل ہونے پر کویتی پولیس نے مالکن کو گرفتار کرلیا۔ اب اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے وڈیو کے حوالے سے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالکن کو چاہئے تھا کہ وہ ہاتھ بڑھا کر خادمہ کو بچاتی۔ دوسری جانب مالکن کا کہناہے کہ اس نے ہاتھ بڑھاکر اسے بچانے کی کوشش اسلئے نہیں کی کہ اسے ڈر تھا کہ خادمہ کھینچ کر اسے ہی نہ گرا دے۔ واضح رہے کہ خادمہ زمین پر نہیں گری بلکہ چھجے پر گری تھی جس کے باعث وہ بچ گئی۔