یوٹیوبر مسٹر بِیسٹ کی اپنی گرل فرینڈ سے منگنی
جمعرات 2 جنوری 2025 12:18
مسٹر بِیسٹ کی تھیا بوئسین سے 2022 میں جنوبی افریقہ میں ملاقات ہوئی تھی۔ (فوٹو: گوگل)
مشہور امریکی یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بِیسٹ نے اپنی گرل فرینڈ تھیا بوئسین سے منگنی کر لی ہے۔
مسٹر بِیسٹ نے سال کے پہلے دن ہی اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پر اپنی منگنی کی خوش خبری دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مسٹر بِیسٹ نے اپنی منگنی کی پوسٹ شیئر کی۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مسٹر بِیسٹ لکھتے ہیں کہ ’آپ کے بھائی نے کر دکھایا۔‘
مسٹر بِیسٹ اور تھیا بوئسین کی منگنی کرسمس کے تہوار کے موقع پر اُن کے گھر میں ہوئی جہاں دونوں کی فیملیز نے شرکت کی۔
اس بارے میں پیپل میگزین سے بات کرتے ہوئے تھیا بوئسین نے کہا کہ ’کرسمس کے موقع پر میری فیملی جنوبی افریقہ سے یہاں آئی۔ ہم گھر میں کرسمس کے تحفے کھول رہے تھے کہ انہوں (مسٹر بِیسٹ) نے مجھ سے کہا کہ آخری تحفہ ہے، آنکھیں بند کر لو کیونکہ وہ ایک سرپرائز تھا۔‘
مسٹر بِیسٹ نے کہا کہ ’میں نے اصلی تحفہ جس میں انگوٹھی تھی، وہ دینے سے پہلے جان بوجھ کر بڑا ڈبہ گرایا تاکہ شور مچے۔ اس کے بعد میں نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر پرپوز کیا۔‘
مسٹر بِیسٹ نے اپنی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم بہت بڑی اور عالیشان شادی نہیں کرنے والے۔ شادی اچھی ہوگی لیکن لازمی بات ہے کہ اس میں صرف قریبی اہلخانہ اور دوست ہی شریک ہوں گے۔‘
خیال رہے کہ مسٹر بِیسٹ کی تھیا بوئسین سے 2022 میں جنوبی افریقہ میں ملاقات ہوئی تھی۔
تھیا بوئسین پیشے کے لحاظ سے گیمر اور انٹرنیٹ پرسنیلیٹی ہیں۔