خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل 5 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر جی سی سی کے سیکرٹری جنرل پاکستان کا دورہ کریں گے۔ فوٹو اے پی پی
خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نیاف بن فلاح الحجرف 5 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل نیاف بن فلاح الحجرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل نے افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کی غرض سے اسلامی تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے پاکستان میں منعقد ہونے والے سترہویں اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔
اس دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔
وزارت خارجہ کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران سیکرٹری جنرل اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
اس دوران سیکرٹری جنرل نیاف بن فلاح الحجرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ وزیر خزانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل کا دورہ فریقین کے لیے باہمی تعاون کا جائزہ لینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔
مذاکرات میں پاکستان اور جی سی سی رکن ممالک کے درمیان تجارت اور معاشی تعلقات کی تجدید پر غور کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق پاکستان اور خلیجی تعاون کونسل کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کے جی سی سی رکن ممالک کے ساتھ تعلقات مشترکہ عقیدہ، اقدار اور ثقافت پر مبنی ہیں۔