پاکستان اور خلیجی ممالک کے تعلقات اہم ہیں،ڈاکٹر الحجرف
خلیجی ٹیم کے سربراہ عبدالرحمن بن احمد الحربی بھی موجود تھے(فوٹو، ٹوئٹر)
خلیجی تعاون کونسل ’جی سی سی‘ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح الحجرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے تعلقات سٹراٹیجک اور بے حد اہم ہیں- مشترکہ مفادات کی خاطر فریقین باہمی تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرتے رہیں-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرالحجرف نے اسلام آباد میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ سرکاری مذاکرات کے دوران کہیں-
اس موقع پر مذاکرات کی خلیجی ٹیم کے سربراہ عبدالرحمن بن احمد الحربی بھی موجود تھے-
فریقین نے سرکاری مذاکرات کے دوران پاکستان اور جی سی سی ممالک کے درمیان آزاد تجارت سے متعلق ہونے والے مذاکرات کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا-
الحجرف نے اس حوالے سے کہا کہ فریقین کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری پروگرام قائم کرتے ہوئے تجارتی لین دین کا حجم بڑھایا جائے اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے
ڈاکٹرالحجرف نے اطمینان دلایا کہ جی سی سی ممالک مختلف سطحوں پر پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور وسعت دینے کے خواہش مند ہیں اور علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں-