Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوعمر خاتون پائلٹ سعودی عرب میں، ’ہر لمحہ غیرمعمولی تھا‘

رتھرفورڈ کا کہنا ہے کہ اس پرواز نے انہیں کبھی نہ بھولنے والی یادیں دی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
دنیا بھر میں سولو فلائٹ کرنے والی کم سن لڑکی کا ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش میں نوعمر برطانوی ہواباز زارا رتھرفورڈ سعودی عرب میں کنگ خالد انٹرنیششنل ایئرپورٹ پہنچ گئی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مائیکرولائٹ ایئرکرافٹ میں سوار رتھرفورڈ 52 ممالک سے گزرتے ہوئے مملکت میں رکیں۔
بیان کے مطابق ’ان کے اس ورلڈ ٹوئر کا مقصد لڑکیوں اور خواتین کی سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور ریاضی کے مضامن پڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ہوابازی میں دلچسپی پیدا کرنا ہے۔‘
نوعمر پائلٹ کی اس مہم جوئی کی میزبانی میں مملکت کے ساتھ سعودی ایوی ایشن کلب، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ریاض ایئرپورٹس کمپنی نے تعاون کیا ہے تاکہ ہوابازی کے شعبے میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا جائے اور خاص طور پر مملکت کے وژن 2030 کے تحت سعودی خواتین کو بااختیار بنایا جائے۔
رتھرفورڈ کا کہنا ہے کہ وہ ریاض پہنچنے پر بہت خوش ہیں اور اس پرواز نے انہیں کبھی نہ بھولنے والی یادیں دی ہیں۔ ’میں دوران پرواز مملکت کے نظارے سے لطف اندوز ہوئی اور ہر لمحہ میرے لیے غیرمعمولی تجربہ تھا۔‘
زارا رتھرفورڈ نے اگست میں مغربی بیلجیئم کے ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی اور وہ 32 ہزار میل کی پرواز سے پانچ براعظموں کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
انہوں نے اس ٹور کے لیے دو نشستوں والا خصوصی طیارہ  تیار کرایا ہے۔ فی الوقت وہ ایک نشست کو اضافی فیول ٹینک کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔

شیئر: