بکنگھم........بکنگھم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر کیلی کا کہناہے کہ سیرل یا دلیہ وغیرہ صبح کے ناشتے کیلئے بہت اچھی چیز ہیں صبح خیز بچوں اور دفاتر جانے والے نوجوانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس قسم کی چیزیں کھا کر جائیں تاکہ دن بھر توانا اور صحتمند رہیں۔مگر اب تازہ ترین تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ بچوں کا ناشتہ کرنے سے انکار بھی انکے حق میں اچھا ثابت ہوسکتا ہے اور زبردستی ناشتہ کرانا انہیں مصیبت میں ڈال سکتا ہے۔ یہ ایک ایسی حرکت ہے جس سے والدین کو گریز کرنا چاہئے ورنہ ان پر مجرمانہ حرکت کا الزام لگ سکتا ہے۔ پروفیسر ٹیرنز کیلی کا کہنا ہے کہ مشاہدے کے دوران 2نمبرذیابیطس کا مرض محض اس وجہ سے اچھا ہوگیا کہ مریض کو ناشتہ نہیں کرایا گیا۔ زبردستی ناشتہ کھلانا بچوں میں ذیابیطسی عناصر کو فروغ دینا ہے اور مٹاپے کی دعوت کے برابر ہے۔ پروفیسر ٹیرنز کا کہناہے کہ والدین بچوں کو زبردستی ناشتہ کرانے کے بجائے سیب دیدیا کریں اور دال دلیہ سے ناشتہ کرانا ترک کردیں۔ یہ تحقیقی رپورٹ تیار کرنے والے پروفیسر کیلی کسی زمانے میں کیمبرج یونیورسٹی سے بھی وابستہ تھے اور بچوں کے بارے میں اکثر تحقیقی مقالے لکھتے رہے ہیں۔