انڈین ہسپتالوں پر دباؤ، سپریم کورٹ کی 45 ہزار جونیئر ڈاکٹروں کو کام کی اجازت
انڈین ہسپتالوں پر دباؤ، سپریم کورٹ کی 45 ہزار جونیئر ڈاکٹروں کو کام کی اجازت
ہفتہ 8 جنوری 2022 7:19
سپریم حکومت نے حکم دیا کہ ’قومی مفاد‘ کے تحت حکومت کو داخلے کا عمل شروع کرنا چاہیے۔ (فوٹو: اے پی)
انڈیا میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سپریم کورٹ نے 45 ہزار جونیئر ڈاکٹروں کے داخلے کے عمل کو کلیئر کرتے ہوئے ان کو سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ہسپتالوں میں طبی عملے کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ یہ ہیلتھ ورکرز گذشتہ ایک ماہ سے احتجاج کر رہے تھے۔
انڈیا میں جمعے کو کورونا وائرس کے کیسز ایک لاکھ 17 ہزار ایک سو تک پہنچ گئے تھے، یہ ایک ہفتے میں کورونا کے کیسز میں پانچ گنا اضافہ ہے۔
انڈیا میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلتے اومی کرون ویریئنٹ نے ڈیلٹا ویریئنٹ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق کورنا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد تین کروڑ 52 لاکھ ہے جبکہ چار لاکھ 83 ہزار 178 افراد اب تی ہلاک ہوئے ہیں۔
گذشتہ برس تقریباً 45 ہزار پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں نے امتحانات پاس کیے تھے تاہم وہ اس لیے پریکٹس نہیں کر پا رہے کہ ان کے داخلے کا عمل قانونی تنازعات کی وجہ سے تعطل کا شکار تھا۔ اس میں غریب طلبہ کے لیے مخصوص نشستوں کا تنازع بھی شامل تھا۔
سپریم حکومت نے حکم دیا کہ ’قومی مفاد‘ کے تحت حکومت کو داخلے کا عمل شروع کرنا چاہیے۔
ہیلتھ ورکرز کی جانب سے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ ہیلتھ ورکز دسمبر کے اوائل سے احتجاج پر تھے۔ ان کو خدشہ تھا کہ گذشتہ سال کی طرح عملے کی کمی کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ سکتا ہے۔
گذشتہ برس مارچ، اپریل اور مئی میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے تقریباً ایک لاکھ 78 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
فیڈریشن آف ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر منیش نگم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی ہمارے لیے بہت اہمیت ہے جب ملک کورونا وائرس کے تیسرے لہر سے گزر رہا ہے۔
ڈاکٹر شریوا رانا دیو کا بھی داخلے کا عمل معطلی کا شکار تھا۔ انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کو وہ صورتحال سے دلبرداشتہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’بہت سے سرکاری ہسپتال کم عملے پر چل رہے ہیں اور بہت سے عملے کے ارکان کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہو رہے ہیں۔‘
ممبئی میں سیون ہسپتال کے ڈاکٹر پروین دھاج نے بتایا کہ ’حال ہی میں ان کے ہسپتال کے چار سو ڈاکٹروں میں 98 کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔‘