Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشترکہ فورس کمان کی دوست ممالک کے آرمی اتاشیز سے ملاقات

سعودی عرب، یمنی عوام کے امن و فلاح کے لیے کیا کچھ کررہا ہے- (فوٹو عاجل)
عرب اتحاد برائے یمن کی مشترکہ فورسز کے ماتحت مشترکہ فورس کمان نے منگل کو مملکت میں متعین برادر اور دوست ممالک کے آرمی اتاشیز کے ساتھ اہم ملاقات کا اہتمام کیا- اس موقع پر سول آرمی آپریشن، انتظامیہ، شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی  خدمات اور سعودی پروگرام برائے تعمیر و ترقی یمن کے نمائندے شریک ہوئے-
ایس پی اے کے مطابق سول آپریشن انتظامیہ نے برادر اور دوست ممالک کے آرمی اتاشیز کو بتایا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی یمن میں کیا کچھ خلاف قانون کررہے ہیں- ان کی مختلف قسم کی خلاف ورزیوں کا جائزہ پیش کیا- حال ہی میں امارات کے تجارتی جہاز ’روابی‘ کو ہائی جیک کرنے، سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے، بارود بردار بوٹس سے حملوں اور تجارتی جہازوں پر تیرہ حملوں کا تذکرہ  کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ یہ سب کچھ آبنائے باب المندب اور بحراحمر میں جہاز رانی کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں-

شاہ سلمان مرکز نے امداد کے حوالے سے تعارف پیش کیا- (فوٹو عاجل)

سعودی پروگرام برائے تعمیر و ترقی یمن کے  نمائندے نے بتایا کہ برادر ملک یمن میں افرادی قوت کے فروغ اور رفاہ عامہ کے اہتمام ، تعمیراتی و ترقیاتی سکیموں اور پروگراموں کے ذریعے یمنی بھائیوں کی کیا کچھ مدد کی جارہی ہے-
شاہ سلمان مرکز برائے  امداد و انسانی خدمات نے یمنی بھائیوں کے لیے طبی، سماجی اور انسانی امداد کے حوالے سے اپنے ہمہ جہتی کردار کا تعارف پیش کیا-
یاد رہے کہ مملکت کی قیادت میں عرب اتحاد اس قسم کی  ملاقاتوں کے ذریعے برادر اور دوست ممالک کو اس بات سے آگاہ کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہے کہ حوثی بحراحمر میں آبی گزر گاہوں کی امن و سلامتی کو کیا کچھ خطرات لاحق کررہے ہیں اور اندرون یمن، یمنی بھائیوں کو کیا کچھ نقصانات  پہنچا رہے ہیں اس حوالے سے اہم حقائق اور سنگین خطرات سے مطلع کیا جاتا رہتا ہے- یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب، یمنی عوام اور خطے کی سلامتی، امن و فلاح کے لیے کیا کچھ کررہا ہے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: