Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز میں اضافہ، سکول بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ جمعرات کو ہوگا

اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو مختلف امور پر بریفنگ دی جائے گی (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر وفاقی وزارت تعلیم نے صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سکولوں کی بندش کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزارت تعلیم کے نوٹی فیکیشن کے مطابق صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ کانفرنس 11 بجے ہوگی، جس میں کورونا وائرس کے پیش نظر سکولوں کی ممکنہ بندش سے متعلق صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو مختلف امور پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کا اومی کرون ویریئنٹ پاکستان میں تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے، مثبت کیسز کی شرح 1.8 فیصد ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا تھا کہ اومی کرون کے حوالے سے اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ یہ زیادہ مہلک نہیں ہے۔
انہوں نے پاکستانی عوام پر زور دیا تھا کہ اگر کسی وجہ سے ویکسین نہیں لگوائی تو فوری طور پر لگوائیں۔ پاکستان میں بھی شواہد ملے ہیں کہ 12، 14 اور 15 سال کے بچوں میں بھی اومی کرون پایا گیا ہے۔
پاکستان میں کوورنا وائرس کے حوالے سے معاملات دیکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 2074 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4.70 فیصد رہی ہے۔
این سی او سی کے مطابق مہلک وائرس سے 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 628 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
ملک بھر میں ویکسینیشن مہم کے حوالے سے اسد عمر نے کہا تھا کہ 10 کروڑ افراد کو کم سے کم ویکسین کی ایک خوراک لگ چکی ہے جبکہ تقریباً ساڑھے سات کروڑ افراد ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں۔

شیئر: