Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم اور پرویز خٹک میں ’گرما گرمی‘

پاکستان کی حکمراں جماعت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے مِنی بجٹ کی منظوری کے لیے بلائے گئے اجلاس میں مبینہ طور پر اس وقت بدنظمی پیدا ہوگئی جب وزیر دفاع پرویز خٹک نے صوبہ خیبر پختونخوا میں گیس کی عدم فراہمی کا معاملہ اٹھایا۔
تاہم بعد میں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں عمران خان کے خلاف نہیں ہوں، نہ ان کے خلاف ہوسکتا ہوں، عمران خان میرے لیڈر ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میرا سوال تھا کہ گیس کی سکیمیں چلنی چاہییں، اس پر ہمارا حق ہے۔‘
اس سے قبل حکومتی ذرائع نے اردو نیوز کو تصدیق کی کہ پرویز خٹک نے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبر پختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پِس بھی ہم رہے ہیں۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔ اس پر وہ اجلاس سے اُٹھ کر باہر چلے گئے، تاہم بعد میں وزیراعظم عمران خان نے انہیں دوبارہ اجلاس میں بلالیا۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی گفتگو پر وزیراعظم عمران خان اجلاس سے اٹھ کر جانے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔‘
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’حکومت اہم اقدامات کررہی ہے، گیس کی قلت کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’کوئی ایسا اضافی ٹیکس نہیں لگایا جائے گا جس سے عوام پر بوجھ پڑے۔‘
اس کے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ’میرے کوئی کارخانے نہیں ہیں، میں کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔ میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں، ووٹ نہیں دینا تو مت دو۔‘
اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور پرویز خٹک کے درمیان بھی نوک جھونک ہوئی۔ حماد اظہر نے پرویز خٹک کے سوال کا جواب دینے کی کوشش کی تو وزیر دفاع نے کہا کہ ’آپ صرف یہ بتائیں کہ صوبے کو گیس کب ملے گی؟‘

انہوں نے کہا کہ ’حماد اظہر کو گیس اور بجلی کا مسائل کا علم ہی نہیں۔‘ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وہ مجھے کابینہ میں بھی مطمئن نہیں کرسکے۔‘
اس دوران پرویز خٹک اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے، تاہم صحافیوں نے جب ان سے اجلاس میں ہونے والی گرما گرمی اور اجلاس چھوڑ کر باہر جانے سے متعلق سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں سگریٹ پینے کے لیے باہر آیا تھا اور میں نے صرف اپنے حق کے لیے آواز بلند کی۔‘
اجلاس کے بعد ایک بار پھر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ’میں ٹی وی دیکھ کر حیران ہو گیا ہوں کہ آپ نے اتنا بڑا طوفان کھڑا کردیا ہے۔‘
’آپ لوگوں نے اتنا بڑا ہنگامہ کھڑا کردیا ہے، میں میڈیا سے کہتا ہوں کہ اس خبر کو روکے، میں سگریٹ پینے کے لیے باہر نکلا تھا۔‘
تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک کو اپنے چیمبر میں بلایا اور ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے علاوہ نُور عالم خان اور بعض دیگر ارکان نے بھی اجلاس میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

شیئر: