پاکستان میں سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی صاحبزادی کی لاہور میں شادی کے موقع پر اس وقت صورت حال دلچسپ ہوگئی جب صحافیوں نے سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور جہانگیر ترین کو روک لیا۔
ہلکے پھلکے انداز میں ویڈیو پر ریکارڈ کی گئی گفتگو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایاز صادق اور جہانگیر ترین صحافیوں کے سوالات پر مسلسل مسکرا رہے ہیں۔
جب صحافی نے پوچھا کہ آپ کیوں مسکرا رہے ہیں؟ تو ایاز صادق بولے کہ ’سوائے عمران خان کے سب ہی مسکرائیں تو اس ملک کے لیے اچھا ہوگا۔‘
جہانگیر ترین نے اس موقع پر خواجہ سعد رفیق کو اپنا بھائی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’خواجہ سعد رفیق میرے بھائی ہیں اور اکٹھے فیملی میں رہ چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن سے دوستیاں پرانی ہیں اور ایسے ہی چلیں گی۔ ‘
جب ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا جہانگیر ترین کا جہاز کبھی مسلم لیگ ن کی طرف جا سکتا ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ میرا جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے۔
جہانگیر خان ترین کا جہاز اب کس جانب چلے گا۔؟؟؟؟ ضرور دیکھیں اور شئیر کریں pic.twitter.com/lTxKRt5G2b
— Muhammad Asim Naseer (@AsimNaseer81) January 7, 2022
مسلم لیگ ن میں شمولیت کے سوال پر جہانگیرترین مسلسل مسکراتے رہے۔ اس دوران سردار ایاز صادق صحافیوں کو کہتے رہے کہ ان سے مسکرانے کی وجہ پوچھیں۔
جہانگیر ترین کے جہاز والے جملے پر ماریہ چوہدری نامی سوشل میڈٰیا صارف نے لکھا کہ ’رہنما پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین کا جہاز ن لیگ رن وے پر۔‘
شاہد عمران نے پاکستان تحریک انصاف کو ‘ڈوبتی ہوئی کشتی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’جہانگیر ترین کی پرواز نے بھی مسلم لیگ ن کی جانب رخ کرلیا۔‘