مائیکرو چِپ کی قلت، ٹویوٹا بھی سالانہ ہدف کی تکمیل کے لیے پریشان
ستمبر میں ٹویوٹا نے مارچ 2020 تک 93 لاکھ گاڑیاں بنانے کے ہدف میں کمی کی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا میں سب سے زیادہ کاریں بنانے اور فروخت کرنے والی جاپانی کمپنی ٹویوٹا نے کہا ہے کہ وہ رواں برس اپنے پیداواری ہدف کو مکمل نہیں کر پائے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا بھر میں جدید گاڑیوں کے لازمی جزو یعنی مائیکرو چِپ کی کمی کی وجہ سے ٹویوٹا سمیت کاریں بنانے والی متعدد کمپنوں نے اپنی پروڈکشن عارضی طور پر روک دی ہے۔
گذشتہ برس ستمبر میں ٹویوٹا نے مارچ 2020 تک 93 لاکھ گاڑیاں بنانے کے ہدف میں کمی کرتے ہوئے اسے 90 لاکھ کر دیا تھا۔
تاہم منگل کو ٹویوٹا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’اس وقت گاڑیوں کی مانگ بہت زیادہ ہے، اس لیے ہم فروری میں زیادہ گاڑیوں کی تیاری کا ارادہ رکھتے تھے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام کار ساز کمپنوں کی جانب سے سیمی کنڈکٹرز کی مسلسل مانگ کے مارکیٹ پر اثرات کی وجہ سے ٹویوٹا فروری میں صرف سات لاکھ گاڑیاں تیار کر سکے گی ‘ جو اس کے ہدف سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ کم ہے۔
’اس صورت حال میں کمپنی کا نو لاکھ گاڑیاں تیار کرنے کا ہدف پورا نہ ہونے کا خدشہ ہے۔‘
ٹویوٹا کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ جاپان میں قائم اپنے 14 پلانٹس کی 11 پروڈکشن لائنز میں آئندہ ماہ چند دن کے لیے کام روک دے گی۔
کمپنی نے اپنے صارفین سے ’ان مراحل میں تکلیف پہنچنے پر مخلصانہ معذرت‘ بھی کی ہے۔