نسلی امتیاز کے الزامات، جنوبی افریقن کوچ کو انضباطی کارروائی کا سامنا
جمعرات 20 جنوری 2022 19:49
مارک باؤچر اس کارروائی کے دوران اپنے عہدے پر قائم رہیں گے (فوٹو کرک انفو)
جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر پر سنگین غفلت برتنے کے الزامات لگائے گئے ہیں اور انہیں انضباطی کارروائی کا سامنا ہے۔
کرک انفو کے مطابق مارک باؤچر سابق ٹیسٹ کھلاڑی ہیں اور ان کا نام ’سوشل جسٹس اینڈ نیشنل بلڈنگ‘ کی ایک رپورٹ میں آیا تھا جس میں ان پر نسلی امتیاز برتنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔
جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے انضاطی کارروائی کےلیے کونسل ایڈووکیٹ ٹیری موتاو کو نامزد کیا ہے اور وہ اس کیس کی سماعت کریں گے۔
مارک باؤچر اس کارروائی کے دوران اپنے عہدے پر قائم رہیں گے اور جمعے کو انڈیا کے ساتھ ہونے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔
جمعرات کو جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ’مارک باؤچر سے 26 جنوری کو ملیں گے جس میں اگلی کارروائی کا شیڈول طے کیا جائے گا۔‘
’یہ کارروائی سوشل جسٹس اینڈ نیشنل بلڈنگ کی رپورٹ کے بعد کی جا رہی ہے جس میں کئی افراد کے ساتھ نسلی امتیاز اور تعصب برتنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔ یہ الزامات سابق کھلاڑی پال ایڈم کی طرف سے مارک باؤچر پر لگائے گئے تھے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’مارک باؤچر کو سنگین برتنے کے الزامات کا سامنا ہے اور ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر نہ رہیں اس لیے ضروری ہے کہ آزاد پینل انکوائری کرے۔‘
جنوبی افریقہ میں نسلی امتیاز ایک حساس معاملہ ہے۔ سیاہ فام امیدواروں کی جگہ سفید فام گریم سمتھ اور مارک باؤچر کی تعیناتی 2019 سے متنازع رہی ہے۔