Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے زمبابوے کو115 رنز سے شکست دے دی

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر عرفان خان 75 رنز بنا کر فلاؤ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر)
پاکستان نے ویسٹ انڈیز میں ہونے والے انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے میچ میں زمبابوے کو 115 رنز سے شکست دے دی
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے زمبابوے کو جیت کے لیے 316رنز کا ہدف دیا تھا۔
جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 42.4 اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
زمبابوے کی جانب سے برین بینٹ 82 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میتھو ویلش نے 26، سٹیون سال 14 اور ڈیوڈ بینٹ 13 رنز بنائے۔
قبل ازیں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر315 رنز بنائے۔ حسیب اللہ خان نے 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد شہزاد اور حسیب اللہ خان نے کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ آٹھ کے مجموعی سکور پر گری جب محمد شہزاد پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 55 کے سکور پر گری جب عبداللہ فصیح 27 رنز بنا کر ایلکس فلاؤ کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ خان نے شاندار 135 رنز بنائے اور فلاؤ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر عرفان خان 75 رنز بنا کر فلاؤ ہی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ذیشان ضمیر 21 اور قاسم اکرم 20 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے الیکس فلاؤ پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سب سے کامیاب بولر رہے۔ مسیج گینی ڈیوب نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں گروپ بی کے اہم میچ میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 45 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ خان نے شاندار 135 رنز بنائے اور فلاؤ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر)

انڈیا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 10 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔
کپتان یش دھول نے 82 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
 جنوبی افریقہ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 45.4 اوورز میں 187 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ گروپ بی کے دوسرے میچ میں آئرلینڈ نے یوگنڈا کو 39 رنز سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔
یوگنڈا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 197 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

شیئر: