عالمی شہرت یافتہ گلوکار بوسیلی کا العلا میں یادگار کنسرٹ
عالمی شہرت یافتہ گلوکار بوسیلی کا العلا میں یادگار کنسرٹ
اتوار 23 جنوری 2022 15:17
طنطورہ سیزن کے موقع پر سجایا جانے والا تہوار 12 فروری تک رہے گا۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے قدیم صحرائی علاقے میں ایک یادگار کنسرٹ کے بعد دنیا کے پسندیدہ گلوکار بوسیلی نے کہا ہے کہ العلا میں پرفارم کرنا میرے پسندیدہ تجربات میں سے ایک ہے۔
عرب نیوز کےمطابق اطالوی گلوکار آندریا بوسیلی نے جمعے کو ایک لوگوں سے بھرے آڈیٹوریم میں شاندار عکس والے مرایا پنڈال میں پرفارم کیا۔ ان کی یہ پرفارمنس لاکھوں لوگوں افراد نے آن لائن اور ٹیلی ویژن پر لائیو دیکھی ہے۔
62 سالہ گلوکار بوسیلی نے کہا ہے کہ صحرائی علاقے کے وسط میں قائم اس قدیم شہر العلا میں گانا ہمیشہ ہی میرے لیے ایک ناقابل یقین تجربہ رہا ہے۔
بڑے شہر کے شور، ہنگاموں اور افراتفری سے دور دنیا کی اس پرسکون اور پرامن جگہ پر اپنے آپ کو تلاش کرنا میرے لیے انتہائی خاص ہے۔
اس سحر انگیز علاقے میں ثقافتی تہوار کے دوران عالمی شہرت یافتہ گلوکار کی اپنے پورے آرکسٹرا کے ساتھ یہ چوتھی پرفارمنس تھی جو شاندار رہی۔
العلا میں بنائے گئے اس خاص سٹیج پر ان کے ساتھ اٹلی کے ایسٹی سمفنی آرکسٹرا اور سوپرانوس کرسٹین الاڈو، سرینا گیمبیرو اور کلارا باربیئر سیرانو نے خوبصورت انداز میں ساتھ دیا۔
اطالوی موسیقار اینڈریا گریمینیلی نے بھی بوسیلی کا بھرپور ساتھ دیا جس پر سامعین نے پرجوش تالیوں کی گونج میں ان سے مزید دھنوں کا مطالبہ کیا۔
العلا میں موسم سرما کے طنطورہ سیزن کے موقع پر سجایا جانے والا یہ تہوار 12 فروری تک جاری رہے گا۔