آج سے سردی کی لہر شروع، شمالی علاقے سب سے زیادہ متاثر
جمعرات 27 جنوری 2022 12:20
سعودی عرب میں آج جمعرات سے سردی کی لہر کا آغاز ہوگا جس کے باعث شمالی علاقوں میں درجہ حرارت منفی جبکہ دیگر علاقوں میں شدید سردی ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سردی کی یہ لہر اتوار تک جاری رہے گی۔
ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’قطبی سرد لہر نے شام کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور آج سے اس کا رخ سعودی عرب کے شمالی علاقوں کی طرف ہوگا‘۔
’سرد لہر کے باعث شمالی علاقوں میں عموما اور علقان کی چوٹیوں پر برفباری ہوگی جبکہ مشرقی اور وسطی علاقوں میں مطلع غبار آلود ہوگا‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مشرقی یورپ سے آنے والی سردی کی لہر سے آج شمالی علاقے متاثر ہوں گے جبکہ کل جمعہ کو اس کا رخ وسطی علاقوں کی طرف ہوگا‘۔
’الجوف، تبوک، شمالی حدود، حائل، قصیم، حفر الباطن اور مدینہ منورہ میں درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس ہوگی‘۔
’شمالی علاقوں میں فجر کے وقت پانی جم جائے گا جبکہ اس لہر سے سعودی عرب کا وسیع رقبہ متاثر ہوگا‘۔