’صحتی ایپ‘ کا دائرہ مزید وسیع، نئی سہولتیں کیا ہیں؟
’صحتی ایپ‘ کا دائرہ مزید وسیع، نئی سہولتیں کیا ہیں؟
جمعہ 28 جنوری 2022 11:25
’موعد، تطمن اورصحہ ایپس ‘ کو ’صحتی‘ میں ضم کردیا گیاہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت نے لوگوں کی سہولت کے لیے وزارت کی مختلف ایپس کو ’صحتی‘ ایپ میں ضم کیا ہے۔ اس سے قبل وزارت کی تین ایپس جن میں ’صحہ، تطمن اورموعد ‘ شامل تھیں علیحدہ کام کر رہی تھیں۔
سعودی اخبار الوطن کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے سعودی شہریوں اوریہاں مقیم غیر ملکیوں کی سہولت کے پیش نظروزارت کی معروف ایپ ’صحتی‘ میں دیگر تینوں ایپس کو ضم کیا گیا ہے۔
واضح رہے وزارت کی ایپ ’صحہ‘ کے ذریعے امورصحت کے حوالے سے مستند ڈاکٹروں سے طبی مشورے حاصل کیے جاسکتے تھے۔ شہری اور غیر ملکی وزارت کی طبی ٹیم سے آن لائن رجوع کرکے ان سے درپیش طبی امورکے بارے میں مفید معلومات حاصل کرسکتے تھے۔
’تطمن‘ ایپ کورونا وائرس کی وبا کے ابتدائی دنوں میں لانچ کی گئی تھی جس کا مقصد کورونا کے بارے میں معلومات اوراس وائرس میں مبتلا افراد کو ہدایات دینے کے علاوہ کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا تھا۔
موعد ایپ کے ذریعے وزارت کے ہسپتالوں سے رجوع کرنے سے قبل پیشگی وقت حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی تھی۔
وزارت صحت نے لوگوں کی سہولت کےلیے تینوں ایپس کو ’صحتی‘ میں ضم کردیا ہے جس کے بعد ایک ہی ایپ سے مذکورہ امورانجام دیئے جاسکیں گے۔
علاوہ ازیں صحتی ایپ پرکورونا اپ ڈیٹ اور ویکسینیشن سرٹیفکیٹس کا اجرا اور ویکسینیشن کی بکنگ بھی کی جاسکتی ہے۔