سرکاری و نجی اداروں میں داخلے کے لیے بوسٹر ڈوز کی شرط کا نفاذ آج سے
’تمام اداروں میں داخلے کے لیے توکلنا ایپ پر ’امیون‘ کا سٹیٹس ہونا ضروری ہے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
آج منگل یکم فروری سے تمام سرکاری و نجی اداروں اور شاپنگ مالز میں داخلے کے لیے بوسٹر ڈوز کی شرط کا نفاذ ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تمام اداروں میں داخلے کے لیے توکلنا ایپ پر ’محصن‘ یعنی ’امیون‘ کا سٹیٹس ہونا ضروری ہے۔
وزارت داخلہ کے فیصلے کے مطابق ہر وہ شخص جس نے 8 ماہ یا اس سے پہلے ویکسین کی دوسری خوراک لے رکھی ہے اسے توکلنا پر ’امیون‘ کا سٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے بوسٹر ڈوز لگوانی ہوگی۔
قبل ازیں وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ ’منگل یکم فروری 2022 سے پبلک ٹرانسپورٹ، سرکاری و نجی اداروں، تفریحاتی مراکز، سپورٹس سینٹرز، بازاروں اور مالز میں وہی کارکن، صارفین اور معاملات کرنے والے داخل ہوسکیں گے جو بوسٹر ڈوز لگوا چکے ہوں گے اور توکلنا ایپ پر ان کی صحت کا ریکارڈ ’امیون‘ درج ہوگا۔
دوسری طرف پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی کہا ہے کہ ’یکم فروری سے بری، بحری اور ریلوے ٹرانسپورٹ وہی لوگ استعمال کرسکیں گے جن کا توکلنا ایپ پر سٹیٹں ’امیون‘ ہوگا۔